عظمیٰ نیوزسروس
اننت ناگ//کشمیریونیورسٹی کے جنوبی کیمپس میں پانچ روزہ یوتھ فیسٹول کاافتتاح کیاگیاتاکہ سماجی مسائل کو گانے،ناچ ،مختصرڈرامے اورویڈیوں گرافی کے ذریعے اُجاگر کیا جائے۔SATSOAS(سات رنگوں والادھاگہ) آرٹ، تعلیم، اور صلاحیتوں کو یکجاکرتا ہے تاکہ سماجی مسائل جیسے منشیات،گھریلوں تشدد، موسمیاتی تبدیلی اورسکرین کی عادت جیسے مسائل کواُبھاراجائے اورسماج میں مثبت تبدیلی کوتخلیقی اظہار سے پروان چڑھایاجائے۔اس موقعہ پرسیکریٹری سیاحت وتمدن سیدعابدرشیدشاہ نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے اندرچھپی صلاحیتوں کوکھوج نکالیں اورسماجی تبدیلی اور ترقی میں اپناکردار اداکرے۔انہوں نے نوجوانوں کو سماج کاانمول اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا یونیورسٹی آگے بڑھنے کیلئے مناسب ماحول مہیا کرتی ہے۔انہوں نے کہا ،’اپنی تعلیمی سطح کوبڑھائیں اور اپنی تعلیمی کارکردگی سے اپنی پہچان بنائیں۔انہوں نے سماج میں خواتین کے کردار کواجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہیں ہے کہ ہم کتنی عمرزندہ رہے بلکہ سماج کوہم کیا دے رہے ہیں ،جس سے سماج میں مثبت تبدیلی آتی ہے۔ڈین سٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسرانیسہ شفیع نے اس تقریب کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہاکہ جنوبی کیمپس کی کارکردگی کافی شاندار ہے اور یہ مرکزی کیمپس کے ساتھ رفتار برقراررکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طلاب کے ساتھ جڑنے کاموقعہ ہے کیوں کہ SATSOASاپنے ہنروں اورصلاحیتوں کامظاہرہ کرنے کاپلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ڈائریکٹر یوتھ ڈیولپمنٹ اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹرڈاکٹر مظفراحمدخان نے کہا کہ ہمیں منشیات کی وباء کوایک مسئلہ تسلیم کرنا ہیاور اس سے خلاصی پانے کیلئے ہمیں کام کرنا ہوگا۔جنوبی کیمپس کے ڈائریکٹر پروفیسررئیس احمد قادری نے گھریلوں تشدد،منشیات کااستعمال اور موسمیاتی تبدیلی پر آوازبلند کرنے پرزوردیا۔