عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//کشمیر یونیورسٹی نے نیشنل سروس سکیم (این ایس ایس) اور انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی او ٹی)، زکورہ کیمپس کے زیر اہتمام دو اثر انگیز تقاریب کے ساتھ نشہ کی زیادتی کے خلاف بیداری پیدا کرنے کی اپنی مسلسل کوششوں کو جاری رکھا۔ یونیورسٹی کے این ایس ایس یونٹ نے ’نوجوانوں کو بااختیار بنانے، منشیات کے استعمال سے نمٹنے اور دماغی صحت کو ترجیح دینے‘ کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ اور آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ میں کلینکل سائیکالوجی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے، نفسیاتی اور سماجی کام کے ممتاز ماہرین کے پینل کے ساتھ تبادلہ خیال کی نشست کے علاوہ مباحثہ بھی شامل تھا۔افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے، وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان نے کہا کہ خطے میں منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت ایک سنگین مسئلہ ہے جو فوری اقدام کا مطالبہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا، “ہمارے نوجوان معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ انہیں بیداری، لچک اور مقصد کے مضبوط احساس سے آراستہ کرکے اس خطرے سے بچائیں۔”رجسٹرار پروفیسر نصیر اقبال نے منشیات کے استعمال کو روکنے اور ذہنی صحت کو فروغ دینے کے لیے مسلسل آگاہی پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا۔پروفیسر (ڈاکٹر) عبدالمجید، ایچ او ڈی سائیکاٹری سکمز نے روک تھام میں والدین کے کردار کے بارے میں بات کی، جب کہ ہلال خالق بھٹ ایس پی حضرتبل نے اس مسئلے کو روکنے کے لیے اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا۔ کوآرڈینیٹراین ایس ایس، ڈاکٹر وقار امین زرگر نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں، بیداری پیدا کرنے میں نوجوانوں کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔اسی پہل کے ایک حصے کے طور پر، انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی زکورہ کیمپس میں بھی نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔