سرینگر//کووِڈ- 19نے لوگوں کے ذہنی صحت پرمنفی اثرات ڈالے ہیں جن کی وجہ سے عالمی سطح پرمنشیات کی لت میں بہت زیادہ لوگ مبتلاء ہوئے ہیں۔ان باتوں کا اظہار کشمیریونیورسٹی کے اسلامک اسٹیڈیزشعبہ کے اہتمام سے دوروزہ ویب نار سے خطاب کرتے ہوئے ڈین اکیڈمک افیئرس پروفیسرشبیراحمد بٹ نے کیا۔’وباء اورمنشیات:ایک مذہبی تناظر‘‘موضوع پرمنعقدہ ویب نار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسرشبیراحمد بٹ نے مزید کہا کہ وبائوں نے بنی نوع انسان کو بارباردنیا میں زندگی کے مقصدپر سوچنے پر مجبور کیاہے۔اسلامک اسٹیڈیز شعبہ کے صدر اور سمینار کے ڈائریکٹرپروفیسرمنظوراحمد بٹ نے مہمانوں اورشرکاء کاخیرمقدم کرتے ہوئے،پروگرام میں آف لائن اور آن لائن حصہ لیا۔انہوں نے سمینار کاجائزہ پیش کرتے ہوئے ایسے موضوعات پرمحققانہ تبادلہ خیال کی ضرورت پرزوردیااوراس کااہتمام کرنے کامقصدبیان کیا۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فارماکولوجی کے پروفیسراورڈائریکٹر فلاسفی سائنس پروفیسرکنورایم یوسف امین نے آن لائن کلیدی خطبہ دیا۔انہوں نے سمینار کی اہمیت کواُجاگر کرتے ہوئے موجودہ حالات میں اس کی افادیت بھی بیان کی۔