عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر/ / کشمیر ٹریڈ الائنس کے ایک وفد نے بدھ کو سمارٹ سٹی پروجیکٹ سرینگر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور کمشنر سرینگر میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر اویس احمدسے ملاقات کی تاکہ جاری سمارٹ سٹی پروجیکٹوں سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔میٹنگ کا مقصد سمارٹ سٹی کے اقدامات کے سست عمل درآمد پر تاجروں کے خدشات کو دور کرنا تھا، جس نے مقامی کاروباروں کے لیے مسائل میں اضافہ کیا ہے۔
کے ٹی اے صد ر اعجاز شہدار نے ایک بیان میں کہا کہ وفد نے ایس ایم سی کمشنر پر زور دیا کہ وہ سمارٹ سٹی کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کریں۔شہدار نے کہا’’ہم نے سمارٹ سٹی پروجیکٹوں کی سست رفتار کا مسئلہ اٹھایا جس سے تاجروں کے مسائل بڑھ گئے ہیں اور چیف ایگزیکٹو افسرنے ہمیں یقین دلایا کہ وہ افرادی قوت میں اضافہ کریں گے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں گے‘‘۔کے ٹی اے بیان کے مطابق ڈاکٹر اویس احمد نے وعدہ کیا کہ کرن نگر میں جاری سمارٹ سٹی کا کام جلد مکمل کیا جائے گا کیونکہ یہ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔وفد میں کے ٹی اے کے سینئر ممبران سبط علی، سجاد حیدر، فیاض نداف، سجاد الدین، ظہور تانترے، ناصر ملک اور شیخ اعجاز شامل تھے۔