کشتواڑ کے 143اسکولوں کی آن لائن حاضری پورٹل پر دستیاب نہیں زونل ایجوکیشن آفیسران ،متعلقہ ڈی ڈی او اور ایچ آئی او کی تنخواہ روک کر نوٹس جاری

 عاصف بٹ

کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے 143سرکاری سکولوں کی آن لائن حاضری پورٹل پر دستیاب نہ ہونے کو لیکر ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن نے وجہ بتائو نوٹس جاری کیا اور ایک ہفتے کے اندر جواب طلب کر لیا ہے ۔ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ زیرنمبر DSEJ/Gaz/12942-48.محرر 22مئی کے مطابق ضلع کشتواڑ کے جے کے حاضری ایپ کی جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ اپلی کیشن میں 143تعلیمی ادارے رجسٹرنہیں ہیں اور ان حاضری ایپ پر ملازمین اپنی حاضری نہیں کر رہے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کی جانے والی ہدایات پر ایچ آئی آئی و ڈی ڈی او کی طرف سے عمل نہ کرنے کی وجہ سے کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور مذکورہ کارروائی 1996کے جموں کشمیر سول سروسز رولز (جلد-1) کے آرٹیکل 128کے مطابق کی گئی ہے ۔نوٹس کے ذریعے متعلقہ ایچ او آئی و ڈی ڈی او سے کہا گیا ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے اور جے کے اٹینڈس ایپ پر اداروں کو رجسٹر نہ کرنے پر اپنی پوزیشن کی وضاحت مثبت طور پر ہفتے کے اندر دیں۔ متعلقہ ایچ او آئی و ڈی ڈی او بشمول ضلع کشتواڑ کے تمام زونل ایجوکیشن آفیسر کی تنخواہ حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے اگلے احکامات تک روک دی گئی ہے۔ اس حکم نامے میں تعلیمی زون دربشالہ کے چھ ، تعلیمی زون اندروال کے بارہ تعلیمی زون کشتواڑ کا ایک اسکول تعلیمی زون مڑواہ کے 69تعلیمی زون ناگسینی کے 8پاڈر کے 21و تعلیمی زون واڑون کے 26اسکول شامل ہیں۔