کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے مختلف علاقوں جن میں مڑواہ، واڑون، چھاترو، ترہگام، ٹھاکرائی،مغل میدان، دچھن،پاڈر، بونجواہ،کیشوان اور ملحقہ علاقوں کے سینکڑوں لوگوں نے ان کے علاقوں میں آدھار کیمپ لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ قصبہ کشتواڑ کے آدھار سینٹر میں قطار میں کھڑے خواتین اور بچوں سمیت عوام نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ دور دراز ولاقوں سے کشتواڑ میں آدھار کارڈ بنانے کے لئے 2روز قبل آئے تھے لیکن ابھی تک اپنی باری آنے کے انتظار میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آدھار سینٹروں کی کمی کی وجہ سے لوگ سخت پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو چاہے کہ وہ جلد گائوں میں پنچایت اور بلاک سطح پر آدھار سینٹر قائم کرے تا کہ لوگوں کو مزید پریشانی نہ اٹھانی پڑے۔تاہم کچھ مقامی باشندوںنے کہا کہ انتظامیہ کو آدھار کیمپوں میں معذور افراد کے لئے بھی آدھار آلہ کے طور موبائل وین متعارف کروانا چاہے۔قطار میں کھڑے طالب علموں کے ایک گروپ نے بتایا کہ ہم یہاں صبح سے کھڑے ہیں اور بغیر رجسٹریشن کے واپس ہوٹل جائیں گے کیوں کہ یہاں آدھار مشینوں کی کمی ہے ،ہم اسکول جانے والے طالب علم ہیں اس آدھار سسٹم سے سے ہماری پڑھائی متاثر ہو رہی ہے ،سرکاری اہلکاروں کو اسکولوں میں آکر ہمارااندراج کرنا چاہے۔ گائوں گلہار کے ایک شہری عبدالحمید شیخ نے بتایا کہ اگر آدھار سرکار کاموں کیلئے ضروری ہے تو بزرگ شہریوں اور معذور افراد کو اس سہولت سے محروم کیا جا سکتا ہے اس لئے انتظامیہ کو موبائل آدھار رجسٹریشن سینٹر قائم کرنے چائیں۔