عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع ہیڈ کوارٹرکشتواڑ کے قریبی جنگلات گزشتہ 5روز سے آگ کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے چاروں اطراف دھواں ہی دھواں پھیلا ہوا ہے جبکہ متعلقہ محکمہ و ضلع انتظامیہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔اس دوران سینکڑوں کی تعداد میں سر سبز درخت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے ہیں ۔غور طلب ہے کہ قصبہ کے گردنواح کے قریبی جنگلات جسے عام طور پر پری باگ کہا جاتا ہے ،میں آگ لگی ہے جسے جہاں درختوں کا نقصان ہو رہا ہے وہائیں ماحولیاتی آلودگی بھی پھیل رہی ہے لیکن اس سب کے باوجود نہ ہی آگ کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی عملی قدم اٹھایا جارہا ہے اور نہ اس عمل میں ملوث مافیا کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ کے ملازمین کی خاموشی پر سوال اٹھاے ہوے کہا کہ محکمہ شدید نوعیت کی غفلت شعاری کا شکار ہوا ہے ۔مکینوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مافیا جنگلات کو راکھ میں تبدیل کرر ہا ہے لیکن محکمہ کے آفیسر ان و ملازمین اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ قصبہ سے چند کلومیڑر کی دوری پر واقع ان جنگلات میں آگ لگائی جارہی ہے اور ضلع انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ ہرسال آگ کی واردات میں ہزاروں کی تعداد میں سرسبز درخت جل کرراکھ ہوجاتے ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قصور واروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کیساتھ ساتھ آگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔دوسری جانب محکمہ کے آفیسران نے بتایا کہ جنگلات کی حدود سے باہر آگ گھاس میں لگی ہوئی ہے جبکہ ضلع انتظامیہ اس سلسلہ میں کارروائی عمل میں لائے ۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ جلدازجلد آگ پر قابو پایا جائے تاکہ آگ جنگلات کو اپنی لپیٹ میں نہ لے ۔