عاصف بٹ
کشتواڑ//کشتواڑ ضلع میںدن بھر موسم ابرآلود رہا اور کئی مقامات پر ہلکی بارشیں ہوتی رہیں۔اس دوران گزشتہ ہفتے موسلادھار بارشوں سے ضلع بھر میں ہوئی تباہی سے عوام ہنوز مشکلات کا سامنا کرررہی ہے۔ جہاں پانچ روز بعد قصبہ و اسکے ملحقہ علاقہ جات میں پانچ روز بعد بجلی سپلائی بحال کی گئی لیکن اسکے باوجود ضلع کے بیشتر علاقے ہنوز بجلی سے محروم ہیں ۔ضلع کے بیشتر علاقے بشمول مغل میدان، چھاترو ،چنگام ،دربیل ،دچھن ،ڈنگڈورو ،پاڈر ،ناگسینی ،مچیل وغیرہ چھٹے روز بھی گھپ اندھیرے میں ڈوبے ہوے ہیں۔ ان علاقوں میں ابھی تک بجلی کی سپلائی بحال نہ ہوسکی ۔حکام نے بتایا کہ ہنگامی بنیادوں پر بجلی سپلائی کو بحال کرنے کا کام جاری ہے، اگرچہ کچھ علاقوں میں آج بجلی بحال ہونے کی امید ہے تاہم دیگر اوپری مقامات پر مزید وقت لگ سکتاہے۔اس دوران پانی کی سپلائی ہنوز متاثر ہے جس کے چلتے قصبہ و اسکے محلقہ علاقوںکی اسی ہزار آبادی مسلسل چھٹے روز بھی پانی سے محروم ہے۔ قصبہ کو نہر نائی گڈ سےپانی سپلائی فراہم کیا جاتاہے جس کی پایپ لائن کئی مقامات پر ٹوٹ چکی ہے۔حکام نے بتایا کہ اس کو بحال ہونے میںمزیدایک ہفتہ لگ سکتاہے کیونکہ کئی مقامات پر پائپیں ٹوٹ گئی ہیں جہاں کام کرنا انتہائی مشکل ہے۔دریں اثناءپاڈرکشتواڑ سڑک کو چھ روز بعد عارضی طور چھوٹی گاڑیوں کی آواجاہی کیلئے گلاب گڑھ تک بحال کردیاگیا۔ پاڈر کے اندرونی سڑک رابطوں پر ہنوز آمدورفت معطل ہے جسے بحال کرنے کا کام جاری ہے۔ادھرموسلادھار بارشوں نے درابشالہ علاقہ میں کئی مکانات کو نقصان پہنچایا ہے جسکے لئے انتظامیہ نے ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو مکمل رپورٹ تیار کریں گی تاکہ انھیں معقول معاوضہ مل سکے۔