کشتواڑ / / نیشنل کانفرنس کے ممبرقانون ساز کونسل و سابق وزیرداخلہ سجاد احمد کچلو نے کہا ہے کہ موجودہ مخلوط سرکار و ضلع انتظامیہ کشتواڑ کی عوام کو تمام طرح کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں ۔ انہوںنے ضلع کشتواڑ کے علاوہ خطہ چناب میں تمام بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق کچلو نے کہا کہ خطہ چناب میں پانی کی صاف پانی کی عدم دستیابی،سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی قلت،طبی عملہ کی قلت،درجنوں گائوں میں راشن سے عوام محروم، تیل خاکی،رسوئی گیس ،ادویات،رابطہ سڑکیں خستہ حالی کاشکار ہیں اوردرجنوں گائوں کے مسافر پیدل سفر طے کرنے پر مجبورہیں۔ انہوںنے کہاکہ حالیہ برف باری کے بعد درجنوں گائوں کے لوگ گھپ اندھیر میں ڈوبے ہوئے ہیںلیکن ضلع انتظامیہ و سرکار ان علاقوں تک پہنچنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔انہوںنے الزام لگایاکہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں ۔کچلو نے کہا کہ ضلع کشتواڑ کے پاڈر، مڑواہ، واڑن، ناگسنی میں راشن کی سخت قلت ہے ،ان علاقوں میں حالیہ برف باری کے دوران زیادہ تر رابطہ سڑکیں پسیوں کے گر آنے کی وجہ سے بند ہو چکی ہیں تاہم ابھی تک ان کو بحال نہیں کیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ کئی گائوں کی بجلی سپلائی بھی بند پڑی ہے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ گھپ اندھیر ے میں زندگی بسر کررہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ لوگ پہلے سے ہی باربار کٹوتی سے تنگ آچکے تھے کہ اب ان کی سپلائی ہی کاٹ دی گئی ہے جس سے سب سے زیادہ متاثر طلباء ہورہے ہیں۔اندروال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درجنوں گائوں میں راشن کی سخت قلت ہے،کئی بالائی علاقوں میں بجلی کی نا قص سپلائی سے لوگ گھپ اندھیرے میںہیں، دوسری طرف میدانی علاقوں میں لوگوں کو بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا ہے۔کچلو نے سرکارسے اپیل کی کہ توجہ دے کر ضلع کشتواڑ و خطہ چناب میں تمام بنیادی سہولیات کو یقینی طور پر بحال کیا جائے ۔دریں اثناء انہوںنے کہا کہ انتظامیہ جلد از جلد کشتواڑ بٹوت ٹھاٹھری این ایچ 1کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بحال کرے ۔کچلو نے کہا کہ گزشتہ دنوں ایک پسی گر آنے کی وجہ سے یہ شاہراہ بند ہوچکی ہے جس سے ضلع کشتواڑ کی عوام کا رابطہ دوسرے روز بھی ریاست کے دوسرے علاقوں سے ایک بار پھر منقطع ہو کر رہ گیاہے۔ کچلو نے کہا کہ ہزاروں مسافر درماندہ ہیں۔