کشتواڑ//ڈوڈہ کشتواڑ شاہراہ کے مسلسل بند رہنے کی وجہ سے بدھ کے روز بھی کشتواڑ ضلع کا زمینی رابطہ بقیہ دنیا کے ساتھ منقطع رہا، قابل ذکر ہے کہ پیر کے روز قصبہ سے 20کلو میٹر دور درابشالہ کے قریب کلگاڑی کے مقام پر چٹانیں کھسکنے سے یہ شاہراہ مسدود ہو گئی تھی اور محکمہ کی طرف سے ہر ممکن کوششیں کئے جانے کے باوجود ابھی تک اسے آمد و رفت کے قابل نہیں بنایا جا سکا ہے ۔ محکمہ ٹریفک کے حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر تازہ چٹانیں نہ گر آئیں تو آج یعنی جمعرات کی صبح پسی پرعارضی طور یکطرفہ ٹریفک کا سلسلہ بحال کر لیا جائے گا، تاہم پچھلے چند روز سے مسلسل چٹانیں گر رہی ہیں جس کی وجہ سے ملبہ ہٹانے کے کام میں بھی رکاوٹ آ رہی ہے ۔اس دوران محکمہ تعمیرات عامہ نے گرتی ہوئی چٹانوں سے ہونے والے نقصانات سے بچنے کیلئے منفرد تکنیک اپنائی ہے، فائر برگیڈکی گاڑیوں سے پانی کا پریشر ڈالا جا رہا ہے تا کہ لٹک رہی چٹانیں کھسک آئیں اور مابعد کسی حادثہ کا باعث نہ بنیں۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل دو الگ الگ حادثات میں پسی عبور کرنے کے دوران 5افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ان میں سے 3افراد اس وقت موت کے منہ میں چلے گئے تھے جب وہ پیدل پسی عبور کر رہے تھے جب کہ دو افراد اس وقت ہلاک ہو گئے جب ایک بھاری چٹان ان کی گاڑی پر آن پڑی تھی۔