عاصف بٹ+فیاض بخاری
کشتواڑ+بارہمولہ// جموں وکشمیر پولیس کے سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے بدھ کی صبح ضلع کشتواڑ میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ یہ چھاپے کشتواڑ کے رہنے والے جنگجوئوں کے خلاف این آئی اے کی خصوصی عدالت جموں کی ہدایات کے مطابق مارے گئے جو پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے کام کر رہے ہیں۔ ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے کہا کہ کشتواڑ پولیس نے ایف آئی آر زیرنمبر/2022 272 کے معاملے میں این آئی اے کورٹ جموں سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعدایس ڈی پی اوز کی سربراہی میں مجسٹریٹ سمیت مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور ٹیموں کی جانب سے مناسب ایس او پیز پر عمل کیا گیا اور ملی ٹینٹوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔ ان میں منظور احمد عرف طاہر انقلابی ولد غلام علی نائیک ساکن دواتر سنگھ پورہ ،نذیر احمد عرف شاہین ولد محمد اکبر شیخ ساکن بیگ پورہ سنگھپورہ چھاترو ، شبیر احمد عرف جنید ولد غلام محمد رشی ساکن سیوا چھاترو، محمد اقبال رشی عرف مزمل انصاری ولد عبدالراشد ساکن دیلر چھاترو، محمد امین بٹ ولد غلام قادر بٹ ساکن نارین چنگام اور محمد اقبال عرف بلال ولد محمد اکبر بٹ ساکن نزدیک کچلو مارکیٹ کشتواڑ تاحال عمر محلہ کشتواڑ جو اس وقت پاکستانی کشمیر سے کام کر رہے ہیں ان کے متعلقہ مکانات اوررہائشی احاطوں کی تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران، اکٹھے کیے گئے شواہد کی چھان بین کی جائے گی تاکہ ملزمین کو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور دہشت گردی کو دوام بخشنے کے لیے عدالتی فیصلے کے تابع کیا جا سکے۔
پوسوال نے مزید انکشاف کیا کہ دہشت گردوں کے ان تمام حامیوں و ساتھیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی جن کی تحقیقات کے دوران ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ادھرسیکورٹی فورسز نے بدھ کو جموں و کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں لشکر طیبہ کے ایک جنگجو ساتھی کو گرفتار کیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت سے متعلق مخصوص اطلاع پر نوپورہ جاگیر کریری میں گرفتاری عمل میں لائی گئی۔انہوں نے کہا، ان پٹ کے بعد بارہمولہ پولیس، II بٹالین SSB اور 52 راشٹریہ رائفلز کی مشترکہ ٹیم نے مذکورہ گائوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کیں۔اس دوران ایک مشتبہ شخص کی ذاتی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ایک پستول، ایک میگزین اور تین زندہ پستول کے رانڈ برآمد ہوئے۔اسے فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا اور اس کی شناخت نوپورہ جاگیر کریری کے محمد صدیق لون کے طور پر کی گئی۔پوچھ گچھ کے دوران، اس نے اعتراف کیا کہ وہ لشکر طیبہ کے لیے کام کر رہا تھا اور سوپور کے سرگرم ملی ٹینٹوںعادل ڈنٹو اور پاکستان کے عثمان بھائی کے لیے کام کر رہا تھا اور ٹارگٹ کلنگ اور عوام کو خوفزدہ کرنے کے لیے ان دہشت گردوں سے اسلحہ/گولہ بارود حاصل کیا تھا۔