عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع بھر میں مسلسل 40گھنٹے تک ہورہی بارشوں کا سلسلہ بالاآخر بدھ کی شام کو تھم گیا جسکے بعد عوام نے راحت کی سانس لی۔سوموار و منگل کی درمیانی شب سے ہورہی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ۔جہاں سڑکیں زیرآب ہیں وہیں ندی نالوں میں سیلابی صورتحال بنی ہوئی ہے جبکہ بیشتر سڑکیں آمدرفت کیلئے بند پڑی ہیں۔۔بارشوں کے سبب ناگسینی میں متعدد مکانات و سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچاجنکا پتہ لگانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔چھاترو میں بھی کئی مکانات کو مکمل و جزوی طور نقصان پہنچاہے۔درابشالہ کنتواڑہ میں بھی مکانات کو نقصان ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے جبکہ بونجواہ کے کیوہ علاقہ میں بھی کئی مکانات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچاہے ۔ادھر بونجواہ کی چراگاہوں میں پھنسے بکروال سخت پریشان ہیں جہا ں ایک خاتون منگل سے بے ہوشی کی حالت میں ہے جسے علاج کیلئےمنتقل کرنے کی خاطرعوام نے انتظامیہ سے فوری طور مدد فراہم کرنے کی اپیل کی۔ضلع صدر مقام کو جوڑنے والے سبھی سڑک رابطے آمدورفت کیلئے بند ہیں جن پر بحالی کا کام دیرشام شروع کردیاگیا۔ جہاں ٹھکرائی کیشوان سڑک پسیاں گرآنے کے سب بند ہے وہیں کشتواڑ چھاترو مغلمیدان دربیل سگدی سڑکوں پر آمدورفت متاثر رہی جبکہ دچھن سڑک بھی گاڑیوں کی آواجاہی کیلئے بند ہے۔ کشتواڑ پاڈر سڑک ناگسینی ڈول پاڈر و دیگر مقامات پر پسیاں گرآنے کے سبب آمدورفت کیلئے بند ہے جبکہ کشتواڑ ٹھاٹری بٹوت شاہراہ پر بھی آمدرفت کو معطل کردیاگیا ۔ادھرکشتواڑ سنتھن اننت ناگ قومی شاہراہ مسلسل دوسرے روز بھی آمدورفت کیلئے بند رہی۔ مغلمیدان میں محکمہ فشریزکے ہیچری فارم کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے جس میں دریا کا پانی چلاگیا جسکے سبب وہی موجود مچھلیاں بھی مرگئیں جبکہ ٹی آرسی کو بھی نقصان پہنچا۔ ضلع بھر میں ندی نالوں میں سیلابی صوررتحال بنی ہوئی جبکہ انتظامیہ نے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ۔ضلع کے پہاڑی علاقوں میں بکروال طبقہ کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ انھوں نے انتظامیہ سے فوری مدد کی اپیل کی ہے تاکہ وہ اپنے و مال مویشیوں کی جان بچاسکیں۔اس دوران ضلع میں 27گھنٹے بعد بجلی کی سپلائی کو عارضی طور بحال کردیاگیا جہاں منگل کی شام کو 132کے وی لاین میں فالٹ آیا تھا جسکے بعد سے ضلع بھر میں سپلائی متاثر رہی۔اس دوران اب ڈوڈہ و ورام بن سے بجلی کی سپلائی کو عارضی طور بحال کردیاگیا ۔ قصبہ میں نوے روز بھی پانی کی سپلائی متاثر رہی تاہم موسم میں قدرے بہتری کے بعد اب عوام نے راحت کی سانس لی ہے۔