عاصف بٹ
کشتواڑ //کشتواڑ قصبہ میں گندگی سے ہوئی ابتر حالت کے بعد دیہی علاقوں میں گندگی کو ٹھکانے لگانے کیلئے لاکھوں روپے خرچ کئے جانے کے بعد بھی حالات جوں کے توں ہی بنے ہوئے ہیں ۔اگر چا انتظامیہ کی جانب سے سوچھ بھارت ابھیان مہم کے تحت سکولوں و دیگر مقامات پر ایک وسیع مہم چلا کر لوگوں کو بیدار کرنے کیساتھ ساتھ علاقہ کی صفائی ستھرائی عمل میں لائی تاہم گزشتہ کچھ عرصہ سے مذکورہ سکیم بھی ٹھنڈے بستے میں ڈال دی گئی ہے ۔اب دیہی علاقوں بالخصوص ندی نالوں ،زرعی اراضی و دیگر مقامات پر گندگی کے ڈھیر جمع ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات در پیش ہو گئے ہیں ۔گزشتہ برس ضلع انتظامیہ نے پنچایتوں کی صفائی ستھرائی کیلئے ٹینڈر لگائے جس کے بعد ٹھیکیداروں کو مذکورہ کام دئیے گئے جبکہ جن پنچایتوں کے ٹینڈر نہیں لگے ان میں گرام سیوک کے ذریعہ مذکورہ کام کروانے کیلئے چند افراد کو تعینات کیاگیا اور اگر چہ چند ماہ تک مذکورہ کام ٹھیک چلتا رہا اور لوگوں کے گھروں سے کوڑا کر کٹ جمع کیا جاتا رہا لیکن اب یہ کام بند ہو گیا ہے اور لوگ گندگی کو جمع رکھتے ہیں لیکن اس کو ٹھکانے لگانے والا کو ئی نہیں ہے ۔
دچھن علاقے کے سوندر سے تعلق رکھنے والے مقامی شخص امتیاز احمد نے بتایا کہ پہلے پہلے تو ہر روز چند افراد آکر گندگی کو جمع کرتے تھے اور اُسے آبادی سے دور لیکر پھینکا جاتاتھالیکن اب ایسا کچھ نہیں ہورہاہے اگرچہ کوڑا دان لاے تو گے لیکن ان کو قابل استعمال نہیں بنایا گیا ہے ۔کشتواڑ قصبہ کے ملحقہ علاقہ جات میں مذکورہ کام ٹھیکیداروں کے حوالے کیاگیا لیکن کسی بھی ٹھیکیدار کی جانب سے صفائی ستھرائی کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایاگیا ہے اگر چہ حکومت کی جانب سے سوچھ بھارت ابھیان کے تحت بھاری رقم خرچ کرنے کیساتھ ساتھ اس پروگرام کو مقبول بنانے کی بھر پور کوششیں کی گئیں لیکن زمینی سطح پر حالات جوں کے توں ہی ہیں ۔ ضلع کے چھاترو مغل میدان ،درابشالہ بونجواہ و دیگر علاقہ جات میں بھی حالات مختلف نہیں ہیں جس کی وجہ سے ہر سو گندگی کے ڈھیر جمع ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اب عام لوگوں کا جینا محال ہو نا شروع ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ندی نالوں اور زرعی اراضی کو بچانے کیلئے کوششیں کی جائیں اور مذکورہ برائے نام صفائی ستھرائی پر خرچ ہو ئی رقم کی جانچ کروائی جائے ۔محکمہ دیہی ترقی کے افسر نے بتایا کہ علی حکام کی طرف سے سخت ہدایت ہے کہ گندگی کو جمع کیا کرکے اسے ایک جگہ پھینکا جاے جبکہ اسکے لئے گرام سبھا میں افراد کو بھی لگایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی پہل کر کے تعاون کرنا چاہئے ۔