آصف بٹ
کشتواڑ//جموں وکشمیر پولیس نے کشتواڑ شہر میں گیس سیلنڈر کی چوری کے مقدمے کو حل کیا اور جرم میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ایس ایس پی کشتواڑ، شجاعت اقبال مرزا نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن کشتواڑ کو گیس سیلنڈروں کی چوری کے بارے میں متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں۔ ان شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے، آئی سی پی پی ہِدیال کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی، جس کی نگرانی ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر کشتواڑ ڈاکٹر عشام گپتا نے کی۔تحقیقاتی ٹیم نے جدید طریقے استعمال کئے، جن میں شواہد کی جمع آوری، سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ اور تکنیکی آلات کا استعمال شامل تھا۔ ان سخت محنتوں کے نتیجے میں ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی، جس کی شناخت ارشد حسین، ولد عبد الہٰی، رہائشی گوریاں کے طور پر ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے چوری شدہ گیس سیلنڈرز برآمد ہوئے۔اس مقدمے میں پولیس اسٹیشن کشتواڑ میں ایف آئی آر نمبر 05/2025 درج کی گئی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ایس ایس پی کشتواڑ نے ایسے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو سخت خبردار کیا اور ان سے اپیل کی کہ وہ اپنے مجرمانہ راستوں کو ترک کر کے معاشرے کے دھارے میں واپس آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو افراد آئندہ چوری کرنے کی کوشش کریں گے ان کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔