عاصف بٹ
کشتواڑ //ڈنگڈورو دچھن کشتواڑ میںپکل ڈول پاور پروجیکٹ میں کام کرنے والے ورکروں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں رات دیر گئے تک 2افراد کی ہلاکت اور دیگر 13زخمی ہوئے تھے، جن میں 4کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ یہ حادثہ رات پونے 8بجے پیش آیا جب ضلع ہیڈکوارٹر سے 40کلو میٹر دورچناب ویلی پاور پروجیکٹ کی ایک کروزر گاڑی زیر نمبر JK17/6576 تریٹھل نالے کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔یہ گاڑی زیر تعمیر پاور پروجیکٹ کمپنی کے ملازمین کو اکھلا سے پنجراڑی کی طرف لے جا رہی تھی۔پولیس نے بتایا کہ گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر تقریباً سو فٹ گہری کھائی میں جاگری۔حادثہ کے فوراً بعد پولیس، مقامی رضاکاروں اور دیگر لوگوں نے بچائو کارروائی شروع کی اور 17زخمی افراد کو کھائی سے باہر لایا لیکن تب تک 2افراد کی موت واقع ہوئی تھی جبکہ دیگر 13زخمی حالت میں کشتواڑ ضلع ہسپتال پہنچائے گئے جن میں 4کی حالت انتہائی تشویشناک تھی۔مہلوکین کی شناخت ارسلان احمد شیخ اور ہلال احمد لون ساکنان پلماڑکے بطور ہوئی ہے۔زخمیوں میں منظور احمد ساکن پلماڑ، اشوک کمارپلماڑ،منوج کمار اکالا،کیول کرشن اکا لا، یاسر احمدپلماڑ، مسعود احمد کھانڈے پلماڑ،گلفام احمد کھانڈے پلماڑ، باغ حسین پتی مالا،پردیپ کمار اکروڑ دچھن، راہل کمار ہوڈنا، ونے پریہار پلماڑ، عالم حسین ژیرہ ہاڑ شامل ہیں۔جونہی زخمیوں کو کشتواڑ ضلع ہسپتال پہنچایا گیا تو یہاں مقامی رضاکار اور زخمیوں کے اہل خانہ بھی پہنچے تھے اور ہسپتال میں چینخ و پکار ہورہی تھی۔یہاں جمع لوگ انتظامیہ اور پروجیکٹ کمپنی کیخلاف احتجاج کررہے تھے ۔ انکا کہنا ہے کہ یہاں کمپنی کے پاس صرف ایک ایمبولنس دستیاب تھی جبکہ باقی زخمیوں کو مقامی لوگوں کی گاڑیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا۔