۔ 8 ڈرائیونگ لائسنس منسوخ،186 گاڑیاں بلیک لسٹ اور متعدد پرمٹ معطل
عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر تسلیم جاوید وانی نے آٹھ ڈرائیونگ لائسنس نااہل قرار دے دئیے ہیں، جن میں مویشی اسمگلنگ میں مبینہ طور پر ملوث ایک شخص کا لائسنس بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ تین گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل جبکہ قواعد کی خلاف ورزی پر ایک گاڑی کی رجسٹریشن بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔حکام کے مطابق یہ کارروائی اعلیٰ حکام کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی، جس کا مقصد ضلع میں ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانا اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔ کارروائی کے دوران بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث پائی جانے والی 186 گاڑیوں کو بلیک لسٹ کر دیا گیا، جس کے تحت انہیں آئندہ احکامات تک سڑکوں پر چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق یہ تمام اقدامات موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت کئے گئے ہیں تاکہ خطرناک ڈرائیونگ، غیر قانونی نقل و حمل اور دیگر خلاف ورزیوں پر مؤثر قابو پایا جا سکے۔ حکام نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سخت نگرانی جاری رکھی جائے گی۔اے آر ٹی او نے کہا کہ ضلع میں سڑک حادثات کی روک تھام اور محفوظ ٹریفک نظام کے قیام کیلئے ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔ انہوں نے ڈرائیور حضرات سے اپیل کی کہ وہ قوانین کی پابندی کریں تاکہ حادثات میں کمی لائی جا سکے اور محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔