عاصف بٹ
کشتواڑ//کشتواڑ پولیس نے ہفتے کی صبح سرگرم حزب ملی ٹینٹ کے گھر کی تلاشی لی جس دوران مکینوں سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد جموں وکشمیر پولیس نے ہفتے کے روز کشتواڑ میں سرگرم حزب ملی ٹینٹ کے گھر کی تلاشی لی۔ انہوں نے بتایا کہ مدثر احمد ولد طارق حسین ساکن تندردچھن کے رہائشی مکان کو کھنگالا گیا جس دوران مکینوں سے بھی پوچھ تاچھ کی گئی ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ کشتواڑ ضلع میں سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے حامیوں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے ۔ایس ایس پی خلیل احمد پوسوال کے مطابق، جموں کی این آئی اے عدالت سے 2022 کے مقدمے کی ایف آئی آر نمبر 1 کے لیے گھر تلاشی کا وارنٹ حاصل کیا گیا تھا۔ایس ایس پی نے بتایا کہ “تلاشی کے دوران شواہد قبضے میں لیے گئے، جن سے تفتیش کی جائے گی تاکہ ملزم کے ملک دشمن سرگرمیوں اور دہشت گردی میں ملوث ہونے کا تعین کیا جا سکے، جس سے عدالتی کارروائی کی جائے گی۔
مزید برآں ایس ایس پی کشتواڑ پوسوال نے انکشاف کیا کہ تحقیقات کے دوران ملوث پائے گئے دہشت گردوں کے تمام حامیوں اور ساتھیوں کو بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ادھر سانبہ اور پونچھ اضلاع میں ہفتہ کے روز ایک زنگ آلودٹینک شکن بارودی سرنگ اور ایک گرینیڈ بر آمد کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ ٹینگ شکن سرنگ دراندازی کے خلاف رکاوٹ کے نظام کے ایک حصے کے طور پر دو دہائیوں سے پہلے لگائی گئی تھی، صبح کے وقت ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر بسنتر کے قریب پول پور پوسٹ کے قریب ایک زرعی کھیت میں ایک کسان نے دیکھی۔انہوں نے بتایا کہ فوج کو اطلاع دی گئی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ماہرین نے ایک کنٹرول دھماکے میں بارودی سرنگ کو تباہ کر دیا۔حکام نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں دکھی پل کے قریب ایک زنگ آلود ہینڈ گرنیڈ ملاجسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بے اثر کر دیا۔دریں اثنا پولیس نے کٹھوعہ ضلع کے نزدیک بین الاقوامی سرحد کے قریب ہیرا نگر سیکٹر سے ہوائی جہاز کی شکل کا ایک غبارہ ضبط کیا۔حکام نے بتایا کہ( پی آئی اے (پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے لوگو کے ساتھ سیاہ اور سفید رنگ کا غبارہ سرحد پار سے اس طرف اترا۔