عاصف بٹ
کشتواڑ //سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب قصبہ کشتواڑ سے تین کلومیٹر کی دوری پر واقعہ پوچھال علاقہ میں رونما ہوئے واقعے میں پولیس نے ابتک 3افراد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ 5افراد ابھی زیر حراست ہیں۔پوچھال علاقہ میں مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا مکروہ فعل سامنے آنے کے بعد لوگوں نے جمع ہوکر زورداراحتجاج اور سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔ لوگوں نے اتوارکی صبح پوچھال علاقے میں جمع ہوکر زورداراحتجاج کیااور اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کی مانگ کی ۔آشیش شرما نے بتایا کہ پوچھال علاقے میں کچھ عناصر کی جانب سے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے جس کیلئے وہ انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں اس سلسلہ میں سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔اسی طرح سمن بھنڈاری نے بتایا کہ یہ واقعہ افسوسناک ہے اور اسطرح کے واقعات رونما نہیں ہونے چاہئیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس میں ملوث افراد کو سخت سزادی جائے ۔مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ اس میں مداخلت کرے اور جہاں بھی ضلع کے اندر اسطرح کے واقعات ہورہے ہیں ان کو فوری طور پر بند کرنے کیلئے عملی اقدامات کئےجائیں ۔اس واقعہ کو لے کر پیر کو کشتواڑ بند کی کال دی گئی ہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں پولیس تھانہ کشتواڑ میں مقدمہ درج کرلیاہے اور تین افراد کو گرفتارکرلیاہے جبکہ پانچ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ ایس ایچ او کشتواڑ پرویز احمد نے اسکی تصدیق کرتے ہوے کہا کہ ابتدائی طور تین افراد کو گرفتار کرلیاگیا ہے جبکہ پانچ مزیدکو حراست میں لیاگیاہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیرنمبر 182/2024 زیردفعہ 299 /196 بی این ایس کے تحت معاملہ درج کرلیاہے اور تحقیقات شروع کردی ہے۔
ُ
بار ایسوس ایشن کشتواڑ کی امن و امان بحال رکھنے کی اپیل
عاصف بٹ
کشتواڑ // کشتواڑ ضلع میں ایک طبقہ کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا واقع سامنے آنے کے بعد ضلع میں امن و امان بحال رکھنے کی اپیل کی ہے ۔یہاں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بار ایسوسی ایشن کسی بھی ایسی حرکت کی پرزور مذمت کرتی ہے جس سے ضلع کے امن اور ہم آہنگی کو درہم برہم کرنے کا خطرہ ہو۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کشتواڑ جو اپنی حساسیت کے لئے جانا جاتا ہے ہمیشہ سے ایک ایسی جگہ رہی ہے جہاں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی احترام کی قدر کی جاتی ہے لیکن بدقسمتی سے ایسے مواقع بھی آتے ہیں جب چند شرپسند عناصر عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچا کر ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ بار ایسوسی ایشن کا پختہ یقین ہے کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ کمیونٹی کے سماجی تانے بانے کے لئے بھی نقصان دہ ہیں۔ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ ان مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو بار بار ضلع میں امن اور بھائی چارے کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسوسی ایشن نے کہاکہ یہ ضروری ہے کہ مستقبل میں انتشار پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لئے انصاف کی فوری فراہمی کی جائے۔ بار اراکین نے کشتواڑ کے تمام باشندوں سے اس دوران پرسکون اور متحد رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ امن و امان کو بحال رکھنے کیلئے انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں ۔