عاصف بٹ
کشتواڑ// جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں دو ولیج ڈیفنس گارڈز کے قتل کے بعد ان کے رہائشی علاقوں میں مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکورٹی کو سخت کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کے اس بزدلانہ حملے کے بعد علاقے کا گھیراؤ کر لیا ہے اور دوسرے روز بھی مشترکہ ٹیوں نے اوپری علاقے میں تلاشی کاروائی چلائی ۔ولیج ڈیفنس گارڈز اوہلی کنتواڑہ گاؤں کے رہائشی تھے جو ضلع کشتواڑ کا پہاڑی علاقہ ہے اور سڑک رابطے سے ہنوز محروم ہے ۔اس سے قبل ولیج ڈیفنس گارڈز نذیر احمد اور کلدیپ کمار کی میتیں اوہلی کنتوارہ گاؤں میں جمعہ کی دیررات ان کے گھروں کو پہنچائی گئیں۔ جمعہ کے روز جموں و کشمیر پولیس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور فوج کی مشترکہ ٹیموں نے سرچ آپریشن کے بعد دونوں مقتولین کی لاشیں کیشوان کے جنگلاتی علاقے سے برآمد کی تھی۔ جمعرات کے روز ملی ٹینٹوں نے کشتواڑ میں دو ولیج ڈیفنس گروپ (وی ڈی جی) کے ارکان کو قتل کیا۔ مقتولین کی شناخت نذیر احمد اور کلدیپ کمار کے نام سے ہوئی، جو اپنے مویشی چرانے کے لیے جنگل میں گئے تھے۔