عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے سروڑ بھوگڑانہ علاقے میں شبانہ آتشزدگی کے ایک المناک واقعہ میں ماں اپنے 2بچوں سمیت جھلس کر لقمہ اجل بن گئی۔ لواحقین نے اس معاملے پر شک و شبہ کا اظہار کر کے اسکی اعلیٰ سطح تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ بدھات کے جشر گاؤں میں خورشد احمد کے گھر میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگنے کے وقت ماں اور اس کے دو بچے سو رہے تھے اور شدید شعلوں کے باعث وہ گھر سے باہر نکلنے میں ناکام رہے۔ اس افسوسناک حادثے میں ماں اور اس کے دونوں بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس فائر بریگیڈ اور مقامی افراد نے انہیں بچانے کی پوری کوشش کی، لیکن تینوں آگ کی شعلوں کی لپیٹ میں آکر جاں بحق ہوئے۔جاں بحق ہونے والی والدہ کی شناخت نازیہ بیگم کے طور پر ہوئی ہے جبکہ بیٹی آمنہ بانو (7 سال) اور بیٹا رضوان (4 سال) بھی اس دل دہلانے والی واردات میں جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ لواحقین نے شک کا اظہار کرکے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ آگ کی واردات نہیں قتل کا معاملہ لگتا ہے۔متوفی کے بھائی جاوید نے بتایا کہ اسکی بہن کی اپنے خاوند کے ساتھ بیشتر وقت لڑائی ہوتی تھی جبکہ ایک سال قبل اسکے خاوند نے دوسری شادی بھی کی تھی۔انہوں نے پولیس سے اسکی شفاف تحقیقات اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔