عظمیٰ نیوزسروس
کشتواڑ//ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کشتواڑ نےانڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں چیئرمین سدھیر کمار کھجوریا کی رہنمائی اور سکریٹری صلاح الدین احمد کی نگرانی میں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔ پروگرام کا فوکس آفات کے متاثرین کے حقوق پر تھا۔اس اقدام کا مقصد طلباء اور عام لوگوں کو قانونی استحقاق، معاونت کے طریقہ کار اور آفات کے دوران قانونی امداد کے کردار کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔تقریب میں چیف لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل نوید خورشید، آئی ٹی آئی کے عملے اور ڈی ایل ایس اے سے وابستہ پیرا لیگل رضاکاروں کی موجودگی سے لطف اندوز ہوا۔اس پروگرام کی قیادت اسسٹنٹ لیگل ایڈ ڈیفنس کونسلز سنویر سنگھ، ونے شان اور سندیپ کمار نے کی، جنہوں نے شرکا کو مختلف قوانین اور سرکاری اسکیموں کے تحت آفات زدگان کے لیے دستیاب قانونی فریم ورک اور فلاحی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔مقررین نے آفت سے متاثرہ افراد اور خاندانوں کے لیے بروقت قانونی امداد کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ کس طرح ڈی ایل ایس اے اور لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل سسٹم ہنگامی حالات کے دوران معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے انصاف اور مدد کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پروگرام کا اختتام ایک انٹرایکٹو سیشن کے ساتھ ہوا، جہاں شرکاء نے سوالات اٹھائے اور دستیاب قانونی علاج اور معاون ڈھانچے کے بارے میں رہنمائی حاصل کی۔