سرینگر/کشتواڑ میں منگل کو آر ایس ایس کے لیڈر پر بندوق برداروں کے حملے کے بعد فوج طلب کرکے حکام نے کرفیو نافذ کردیا۔
حکام نے کہا کہ یہ اقدام ''امن و قانون کی صورتحال بنائے رکھنے کیلئے اٹھایا گیا ہے''۔
دائیں بازو آر ایس ایس کا ایک لیڈرآج کشتواڑ میں اُس وقت زخمی ہوگیا جب نامعلوم بندوق برداروں نے اُس پر گولیاں چلائیں۔اس حملے میں مذکورہ لیڈر کا ایک محافظ ہلاک ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق آر ایس ایس لیڈر چندراکانت سنگھ اور اُس کے محافظ کو ضلع اسپتال کشتواڑ میں گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔
اس حملے میں سنگھ بری طرح زخمی جبکہ اُس کا ایک محافظ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
حکام کے مطابق سنگھ محکمہ صحت میں ملازمت بھی کرتا ہے اور آجکل وہ ضلع اسپتال کشتواڑ میں ہی تعینات ہے جہاں اُس پر حملہ ہوا۔
حکام کے مطابق اس حملے کے بعد کشتواڑ اور ڈوڈہ میں کشیدگی کو دیکھتے ہوئے انٹر نیٹ سروس بھی معطل کی گئی ہے اور حالات پر قریبی نظر رکھی جارہی ہے۔