عظمیٰ نیوزسروس
جموں//تین نئے فوجداری قوانین کے نفاذ کے پہلے دن جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں سوموار کو حکام نے این ایچ آئی ڈی سی ایل کی طرف سے بے قابو بلاسٹنگ اور غلط گندگی کو ٹھکانے لگانے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا اور بھارتی شہری تحفظ سنہتا (BNSS)کے تحت بلاسٹنگ سرگرمیوں پر فوری پابندی عائد کرنے کا حکم دیا۔ضلع مجسٹریٹ، کشتواڑ، دیونش یادو نے نیشنل ہائی ویز اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (این ایچ آئی ڈی سی ایل) کو بلاسٹنگ کے لیے دی گئی تمام اجازتوں کو منسوخ کر دیا اور کمپنی کے خلاف معیاد بندجانچ کا حکم بھی دیا۔بی ایس این این کی دفعہ 163(1) کے تحت جاری کردہ اپنے حکم میں یادو نے مختلف شکایات اور تحصیلدار مغل میدان کے ایک خط کا حوالہ دیا جس میں بتایا گیا کہ 30 جون کو NHIDCL حکام نے ایس جی آئی ایچ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے کوریا چھاترواسٹریچ میں دیودھر موڑ کے قریب تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ہائی بلاسٹنگ کی جس کی وجہ سے پوری پہاڑی پھسل گئی، جس کے نتیجے میں کشتواڑ سےچھاترو جانے والی گاڑیوں بشمول ایمبولینس کو گھنٹوں رکنا پڑا۔