پانی کی سپلائی متاثر ،پہاڑوں پر کئی انچ تازہ برف باری درج
عاصف بٹ
کشتواڑ//کشتواڑ ضلع بھر میں دوسرے روز بھی سڑک رابطے آمدورفت کیلئے بند رہے۔ کشتواڑ سنتھن اننت قومی شاہراہ جہاں مسلسل چوتھےروز بھی بند رہی وہیںسب ڈویژن چھاترو کو جوڑنے والی سڑک ککڑوگن کے قریب بھاری پسی گرآنے سے مسلسل بند ہے جس سے عوام کو سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہاہے۔چھاترو کے ہوڈنا ،دربیل، سگدی، کچھال و دیگر سڑکیں پسیاں گرآنے کے سبب بند پڑی ہیں۔ سب ڈویژن پاڈر کو جوڑنے والی کشتوار سڑک نوس نالہ و پتھرنکی کے مقام پر پسیاں گرآنے کے سبب آمددرفت کیلئے بند ہے جس پر بحالی کا کام جاری ہے۔کشتواڑ بٹوت قومی شاہرہ بھی درابشالہ زیرپواینٹ کے قریب بھاری پسی کی زد میں آئی جس پر بحالی کا کا جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ پہاڑی کا بڑا حصہ سڑک پر گرآیا ہے جس سے سڑک کو بحال کرنے میں دوروز لگ سکتے ہیں وہیں گاڑیوں کو پاور پرجیکٹ کے راستے چلنے دیاجارہاہے۔ بونجواہ میں بھی متعدد علاقے ہنوز سڑک رابطے سے منقطع ہیں جنھیں جلد ازجلد بحال کرنے کا مطالبہ کیا جارہاہے۔ دسویں روز بھی مسلسل تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ پانی کی سپلائی بھی متاثر رہی جسے بحال کرنے میں ا یک ہفتے مزیدلگ سکتاہے۔اس دوران ضلع کے اوپری مقامات پر کئی انچ تازہ برف باری درج کی گئی جن میں سنتھن، مرگن، نونکن، مرگی و گمری کے پہاڑوں پر تازہ برفباری درج کی گئی ہے۔