محمد تسکین +عاصف بٹ
بانہال +کشتواڑ//جموں و کشمیر پولیس کے خصوصی تفتیشی یونٹ نے بدھ کو بانہال اورکشتواڑ کے مختلف علاقوں میں پاکستان میں مقیم8 ملی ٹینٹوں یا انکے رشتہ داروں کے گھروں پر چھاپے مارے۔رام بن پولیس نے پاکستان اور پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں مقیم ملی ٹینٹوں اور ان کے رشتہ داروں یا ہمدردوں کے خلاف اپنی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کھڑی اور بانہال میںبدھ کے روز تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔ خصوصی تفتیشی یونٹ (SIU) نے تحصیل بانہال اور کھڑی میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے ۔ سینئرسپر انٹنڈنٹ آف پولیس رام بن موہیتا شرما نے کہا کہ عسکریت پسندوں اور ان کے ہمدردوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے جوپاکستان میں مقیم ہیں اور خطہ چناب میںملی ٹینسی کو بحال کرنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں مقیم4 ملی ٹینٹوںکے رشتہ داروں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے ہیں اور تلاشیاں لی گئیں۔ انہوں نے کہا قاری عبداللطیف ساکنہ کوٹ آرا کھڑی ،ریاض احمد بوہرو ، فیاض احمد اور مشتاق احمد بوہرو ساکنان آڑپنچلہ کھڑی کے گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کے دوران بہت سارے ڈیجیٹل اور غیر ڈیجیٹل شواہد اکٹھے کیے گئے جن کا تجزیہ کیا جائے گا تاکہ پاکستان میں بیٹھے ملی ٹینٹوں اور اْن کے ہمدردوں کو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور دہشت گردی کو بڑھاوا دینے والوں کو قانونی شکنجے میں لایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ملی ٹینٹوں اور ان کے تمام حامیوں اور ساتھیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی جن کی تحقیقات کے دوران ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ادھرایس آئی یو نے بدھ کو ایک بار پھر ضلع کشتواڑ میں متعدد مقامات پر پاکستانی کشمیر سے سرگرم مبینہ ملی ٹینٹوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے کہا کہ سی ائی او کشتواڑ ڈی ایس پی وشال شرما نے یو اے پی اے کے تحت درج ایک ایف آئی آر زیر نمبر/2022 272 کے سلسلے میں این آئی اے کورٹ جموں سے تلاشی کے وارنٹ حاصل کرنے کے بعد چار ملی ٹینٹوں کے گھروں/رہائشی احاطوں کی تلاشی لی۔انہوں نے کہا کہ جن ملی ٹینٹوں کے احاطوں کی تلاشی لی گئی ان میں آزاد حسین ساکن افانی پاڈر، غازی الدین ، بشیر احمد مغل اور ستار دین عرف رجب ولد مہر الدین ساکنان جگنا کیشوان شامل ہیں۔
اْنہوں نے کہا کہ تمام ملی ٹینٹ پاکستان زیرِ انتظام کشمیر میں مقیم ہیں اور وہیں سے کام کر رہے ہیں۔ایس ایس پی نے کہاکہ تلاشیوں کے دوران اکٹھے کے گئے شواہد کی چھان بین کی جائے گی تاکہ ملزمان کو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور ملی ٹینسی کو دوام بخشنے کے لیے عدالتی فیصلہ کے تابع کیا جا سکے۔ایس ایس پی کشتواڑ نے مزید کہا کہ ملی کہ تلاشیوں کا مقصد مختلف اوور گراونڈ کارکنوں اور ملی ٹینٹوں کے حامیوں کی شناخت کرکے ضلع میں ملی ٹینسی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنا ہے۔اس سے قبل 18 مئی کو، ایس آئی یو کی ٹیموں نے ضلع میں تین مشتبہ افراد کے علاوہ پانچ ملی ٹینٹوںکے گھروں پر چھاپہ مارا، جو اس وقت پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر سے کام کر رہے ہیں۔جموں میں این آئی اے کی خصوصی عدالت نے 26 اپریل کو کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے 23 ملی ٹینٹوں کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیے تھے جو سرحد پار سے کام کر رہے تھے۔اس سے قبل ضلع میں 13 ملی ٹینٹوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے تھے۔کشتواڑ کے 36 افراد ایک مدت کے دوران ملی ٹینٹ صفوں میں شامل ہونے کے بعد پاکستان چلے گئے۔