عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے چسوتی پاڈر علاقے میں ایک سڑک حادثے میں 2افراد جاں بحق جبکہ 6دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی دوپہر تقریباً 2:50بجے پرایک ٹاٹا سومو گاڑی زیر نمبر JK17-7378 چسوتی سے گلابگڑھ پاڈر کی طرف جا رہی تھی جس دوران یہ حادثے کا شکار ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں دو افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ چھ دیگر زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال اتھولی پاڈر منتقل کیا گیا جسکے بعد بعد انھیں مزید علاج و معالجے کیلے ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا۔مہلوک افراد کی شناخت اکشے کمار ولد بنسی لال اور پروین کمار ولد بنسی لال ساکن چسوتی کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں شری کانت ولد روشن لال ،اکشے کمار ولد مست رام، پون سنگھ ولد ہری کرشن، کلدیپ سنگھ ولد دلجیت سنگھ، جیون سنگھ ولد منوہر لال اور وجے کمار ولد ہوشیار سنگھ شامل ہیں جو سبھی چسوتی کے رہائشی ہیں۔ادھرجموں شہرکے سدھراعلاقے میں ایک موٹر سائیکل کے ایک ٹرک کی زدمیں آنے کے نتیجے میں 2طالب علم لقمہ اجل بن گئے ۔ حکام نے بدھ کو بتایاکہ جموں شہرمیں سدھرا پل پر ایک ٹرک کی زد میں آکر موٹرسائیکل پر سوار2 این ای ای ٹی کے خواہشمندطلباء کی موت واقع ہوگئی ۔انہوں نے کہاکہ اس المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت راجوری کے توحید وانی اور ڈوڈہ کی مہرانساء کے طور پر ہوئی ہے، دونوں کی عمریں 20سال کے اوائل میں تھیں۔حکام نے بتایاکہ دونوں طالب علم ایک موٹرسائیکل پر نگروٹا سے بھٹنڈی آرہے تھے جب منگل کودیر رات سدھرا پل کو عبور کرتے ہوئے ان کی موٹرسائیکل سڑک پر پھسل گئی اور ایک ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دونوں طلباء کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔حکام نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ توحید وانی ، جو موٹر سائیکل چلا رہا تھا، مبینہ طور پر اس وقت کنٹرول کھو بیٹھا جب پل پر کھڑی کار کے اندر بیٹھے ایک شخص نے دروازہ کھولا۔حکام نے بتایا کہ مرنے والوں کی لاشوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال جموں منتقل کیا گیا اور بدھ کی صبح پوسٹ مارٹم اور دیگر رسمی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد آخری رسومات کے لیے ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ مہلوک طلبہ جموں کے بھٹنڈی علاقے میں رہ رہے تھے اور انڈرگریجویٹ ایم بی بی ایس کورسز میں داخلے کے لیے NEET امتحان کی تیاری کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کے لیے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔