عاصف بٹ
کشتواڑ // عوامی تحفظ کے لئے غیر متزلزل عزم کے ایک شاندار مظاہرے میں ضلع انتظامیہ کشتواڑ، انڈین ایئر فورس اور فوج کی 26 آر آر بٹالین نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک زخمی خاتون کو بونجواہ کے دورافتادہ علاقے کیتھر سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کیا۔پٹنازی کے گاؤں سرپن سے تعلق رکھنے والی غلام محمد ملک کی بیٹی ’الفت بانو‘ شادی کی تقریب کے سلسلے میں کیتھر گئی ہوئی تھیں۔ واپسی پر اچانک آئے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے نہ صرف راستے بند ہوگئے بلکہ ایک حادثے میں الفت کی ریڑھ کی ہڈی کو بھی شدید چوٹیں آئیں۔صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر کشتواڑ پنکج کمار شرما اور تحصیلدار بونجواہ تیجندر شرما کی قیادت میں فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ آیوش سب سینٹر کیتھر میں ابتدائی طبی امداد کے بعد فضائیہ اور فوج کو طلب کیا گیا۔ اودھم پور سے فضائیہ کے ہیلی کاپٹر اور فوج کے 26 آر آر بٹالین نے ریکارڈ وقت میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کو محفوظ طریقے سے نکال کر جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ریسکیو ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون کی حالت کو نقل و حمل کے قابل بنایا اور بروقت کارروائی کی بدولت ایک قیمتی جان بچائی گئی۔ اس کامیاب آپریشن نے نہ صرف فوج اور سول انتظامیہ کی بہترین ہم آہنگی کو اجاگر کیا بلکہ آفات کی گھڑی میں فوری ردعمل کی اہمیت کو بھی واضح کیا۔مقامی عوام نے ضلع انتظامیہ، تحصیلدار بونجواہ، انڈین ایئر فورس اور فوج کی 26 آر آر بٹالین کی بروقت کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ انسانیت کی زندہ مثال ہے جس نے مشکل وقت میں عوام کے دل جیت لئے۔