کشتواڑ//کشتواڑ ٹریڈرس ایسو سی ایشن نے ضلع انتظامیہ سے کشتواڑ میں جی ایس ٹی لاگو کرنے کے لئے بیداری کیمپ منعقد کرنے کا مطالبہ کیا ۔کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ایسو سی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع میںکاروباریوں ، تاجروں اور ٹھیکہ داروں کو جی ایس ٹی سے واقف کرانے کے لئے بیداری کیمپ منعقد کئے جائیں۔ ایسو سی ایشن نے اس بات پر ناراضگی کا اظہار کیا کہ دو روز قبل تاجروں اور ٹھیکہ داروں کو جی ایس ٹی بیداری کیمپ میںشرکت کرنے کے لئے واٹس ایپ سے بلایا گیا ۔ایک کاروبار ی شیر سنگھ نے کہا کہ جموں میں ڈسٹریبیوٹر ہمیں جی ایس ٹی کے ساتھ رجسٹر ہونے کے لئے کہتے ہیں،حالانکہ ہم 20 ۔لاکھ روپے سے کم کاروبار کے زمرے میں آتے ہیں۔چناب ویلی ٹریڈرس ایسو سی ایشن کے جنرل سیکرٹری ارشد گیری نے ضلع انتظامیہ سے جی ایس ٹی رجسٹریشن کے متعلق تاجروں اور ٹھیکہ داروں کے لئے بیداری کیمپ منعقد کرے۔انہوں نے ڈوڈہ کے بجائے سیل ٹیکس دفتر کشتوڑ میں کھولنے کا بھی مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ کشتوڑ سے60کلو میٹر کی دوری پر ہے اور ہمیں رجسٹریشن کرنے کے لئے اتنا دور جانے کو کہا جاتا ہے ،جو کہ ہمارے لئے ٹھیک نہیں ہے۔تاہم کشمیر اعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کشتواڑ ڈیولپمنٹ آفیسر پون کمار، جو کہ ضلع میں جی ایس ٹی لاگو کرنے کے لئے نوڈل افسر بھی ہیں، نے یقین دلایا ہے کہ رواں ماہ کی28تاریخ کو ضلع کے تاجروں اور ٹھیکہ داروں کے لئے ماہروں کی ایک ٹیم جی ایس ٹی سے متعلق جانکاری فراہم کرے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضلع کے تاجروں اور ٹھیکہ داروں کے لئے مزید بیداری کیمپ منعقد کئے جائیں گے۔