عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے جنگلات مسلسل گزشتہ ایک ہفتے سے آگ کی لپیٹ میں ہیں اور چاروں اطراف دھواں ہی دھواں پھیلا ہوا ہے جبکہ متعلقہ محکمہ و ضلع انتظامیہ خامو ش تماشائی بنی بیٹھی ہے جسکے سبب سینکڑوں کی تعداد میں سر سبز درخت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قصبہ کے گردونواح کے قریبی جنگلات میں آگ لگی ہے جسے دھواں ہی دھواں پھیلا ہوا ہے ۔ جہاں دو روز قبل سرتھل کے تریگام جنگلات میں آگ لگی وہیں بیمار ناگ کے قریب بھی جنگلات کو اے سے نقصان پہنچا ۔ مقامی لوگوں نے محکمہ کے ملازمین کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع میں جنگل مافیاسبز سونے کو جلاکر راکھ کررہا ہے لیکن متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی بناہوا ہے اور آگ پر قابو پانے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے۔ انھوں نے محکمہ کے ملازمین پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انکی ملی بھگت سے ہی جنگل مافیا اس طرح کی حرکت کررہا ہے ۔ قصبہ سے چند کلومیٹر کی دوری پر واقع ان جنگلات میں آگ لگائی جارہی ہے اور ضلع انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے ۔ہرسال اگ کی واردات میں ہزاروں کی تعداد میں سرسبز پیڑپودے جل کرراکھ ہوجاتے ہیں جبکہ یہ ہر سال کا معمول بنا ہوا ہے اور قصورواروں کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی نہیں عمل میں لائی جاتی ہے، اگر انکے خلاف کاروائی ہوتی تو اس طرح آگ کی وارداتیں انجام نہ دی جاتیں۔