جموں//وزیر برائے دیہی ترقی و پنچائتی راج عبدالحق خان نے آج ایوان کو مطلع کیا کہ کشتواڑ اور ڈوڈہ اضلع میں ایم جی نریگا کے تحت 2015 اور 2016-17 کے دوران 1.5 کروڑ ایام کار پیدا کئے گئے ۔ تفصیلات پیش کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ کشتواڑ میں 74.71 لاکھ اور ڈوڈہ ضلع میں 76.50 لاکھ ایام کار اس مدت کے دوران پیدا کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ 2016-17 اور 2017-18 کے دوران ایم جی نریگا کے تحت مکمل کئے گئے کاموں کے واجب الادا رقم کشتواڑ کے لئے 65.55 کروڑ روپے اور ضلع ڈوڈہ کیلئے 57.51 کروڑ روپے ہے ۔ جی ایم سروری کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم جی نریگا کے تحت ضلع کشتواڑ کیلئے سال 2017-18 کیلئے 82.22 کروڑ روپے اور ضلع ڈوڈہ کیلئے 101.19 کروڑ روپے مختص رکھے گئے تھے ۔ وزیر نے کہا کہ مرکزی وزارت برائے دیہی ترقی نے آئی اے وائی سکیم کو پردھان منتری آواس یوجنا ۔ گرامین کے تحت از سر نو2016-17 منظم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سکیم کے رہنما خطوط کے تحت ایس ای سی سی بتاریخ 2-11 کے تحت مرتب کی گئی فہرست کے تحت ہی مستحقین کا انتخاب عمل میں لایا جاتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایم اے وائی جی کے رہنما خطوط کے تحت باقی ماندہ اہل مستحقین کے اندراج کیلئے ڈسٹرکٹ اپلیٹ کمیٹی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے ۔