جموں //پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے کہا ہے کہ کسانوں کی بہبود کے لئے شروع کی گئی مختلف سکیموں کو زمینی سطح پر مؤثر طور عملانا ضروری ہے تاکہ کسانوں کی بہبود یقینی بن سکے۔اِن باتوں کا اِظہار وزیر نے ان کے ماتحت محکمہ جات کے کام کاج کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔ میٹنگ میں محکمہ کے کمشنر سیکرٹری ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری کشمیر / جموں ،ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں / کشمیر، ڈائریکٹر فشریز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ مذکورہ محکمہ جات کو بہتر بنانے کے لئے تن دہی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اُنہوںنے کسانوں کی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لئے ان شعبہ جات کو فروغ دینے کی تلقین کی۔ اُنہوںنے ریاست میں پشو وبھیڑ پالن اور ماہی پروری کے لئے شروع کی گئی سکیموں کی مؤثر عمل آوری کے لئے ایکشن پلان مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان شعبہ جات میںروزگار کے وسیع مواقع موجو د ہیں۔ اُنہوںنے افسران کو اہداف کو مقررہ وقت کے اندر حاصل کرنے کی تلقین کی۔وزیرکو بتایا گیا کہ 2016-17ء کے کیپکس بجٹ کے تحت مختص ایک کروڑ 40لاکھ روپے میں سے محکمہ پشو پالن نے مارچ 2017ء تک مختلف سکیموں کے تحت 1.27کروڑ روپے خرچ کئے ہیں جبکہ مذکورہ مالی برس کے دوران مرکزی سکیموں کے تحت 2.55کروڑ روپے منظور کئے گئے جن میں 2.22کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔اِس کے علاوہ محکمہ نے گزشتہ مالی برس میں نبارڈ کے تحت 65فیصد رقومات کا تصر ف کیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ جموں صوبہ میں مارچ 2017 ء کے آخری تک 214.774لاکھ کلوگرام گوشت اور 46.64لاکھ کلوگرام اون کی پیداواریت درج ہوئی جبکہ بھیڑوں اور بکریوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے لئے 16.75لاکھ ٹیکے لگائے گئے ۔وزیر کو بتایا گیا کہ کشمیر صوبہ میں بھیڑوں کی تعداد 17.51لاکھ سے بڑھ کر 2015-16ء میں 16.07لاکھ درج کی گئی اور صوبہ میں گوشت کی پیداواریت 109.35لاکھ کلو گرام جبکہ اُون کی پیداواریت 31.45لاکھ کلوگرام درج کی گئی۔اس کے علاوہ شعبہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے گزشتہ مالی سال میں 2.70کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔ ماہی پروری شعبے کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر کو بتایا گیا کہ ریاست میں مچھلیوں کی پیداوار 20.39 ہزار ٹن ہے ۔ریاست میں 1028کارپ یونٹ اور 484 ٹراوٹ یونٹ موجود ہیں جن میں 2016-17ء میں 76کارپ اور 97ٹراوٹ یونٹ قائم کئے۔محکمہ نے مارچ 2017ء کے آخر تک 5.60کروڑ روپے کا معاوضہ کما یا۔ اس کے علاوہ محکمہ ریاست میں دو کسان میلے، 12کسان گوشٹیاں اور 180 بیداری کیمپ منعقد کئے گئے ۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ ریاست کے 15000 ماہی پروروں کو اِنشورنس کور فراہم کیا گیا جبکہ بلیو ریوولیوشن سکیم کے تحت کالاکوٹ راجوری میں مشیر بروڑ بینک نے کام کرنا شروع کیا ہے۔