سرینگر// ناظم زراعت کشمیر سید الطاف اعجاز اندرابی نے محکمے کو وادی کے چند علاقوں سے غیر معیاری جراثیم کش ادویات اور بیجوں کے کاروبار کے حوالے سے موصولہ شکایات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے محکمے کی لاء انفورسمنٹ وِنگ کے افسران کو ہدایات جاری کی ہے کہ وہ اپنے عملے کو متحرک کریں تاکہ اس طرح کی سرگرمیوں پر فوری روک لگائی جاسکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ کسانوں کو معیاری بیج، کھاد اور جراثیم کش ادویات فراہم کرنے کا احد بند ہے اور کسانوں کے مفادات کو ذک پہنچانے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ بذات خود مختلف سیل مراکز کا معائینہ کریں اور مذکورہ ایشیا کی معیاری فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ محکمے کی طرف سے اس حوالے سے پہلے سے طے شدہ قواعد و ضوابط کی عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ موصوف نے مزید کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں میں اگر محکمے کے کسی اہلکار کو ملوث پایا گیا تو اُس کے خلاف بھی قانونی کاروائی عمل میں لانے کے لئے محکمہ ہر ممکن اقدامات کریگا۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری جراثیم کش ادویات اور بیجوں کا کاروبار کرنے والوں کے لائسنس کو منسوخ کئے جانے کے علاوہ اُن کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی عمل میں لائی جائے گی۔