جموں// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جو کہ سرمائی راجدھانی کے دو روزہ دورے پر ہیں، نے نروال فروٹ منڈی میں کسان گھر کی نئی تعمیر کی گئی عمارت کا افتتاح کیا۔اس جدید سہولیت میں کمروں، سویٹس، ڈائننگ ہال اور کانفرنس روم کی سہولیت دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ ہر منزل پر ایک چھوٹی پینٹری بھی ہے۔گیسٹ ہاؤس کی تعمیر پر5.41 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے اور یہ عمارت2 برس کے اندر مکمل کی گئی۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید نے21 جون2015 کو اس کسان گھر کا سنگ بنیاد کسان طبقہ سے وابستہ افراد کو سرمائی راجدھانی میںاقامتی سہولیات دستیاب رکھنے کے مقصد سے رکھا تھا۔اس موقعہ پر کسان طبقہ کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ا ن کی خیر عافیت کی تمنا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ کسان گھر کے قیام سے ان کی دیرینہ مانگ پوری ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن قدم اُٹھارہی ہے۔نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ، قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا، وزیر باغبانی سید بشارت بخاری، وزیر مملکت باغبانی پریا سیٹھی، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری، دویثرنل کمشنر جموں، سیکرٹری باغبانی، محکمہ باغبانی کے سنیئر افسران اور لوگوں کی بھاری تعداد اس موقعہ پر موجود تھی۔بعد میں وزیر اعلیٰ نے پرانے شہر میں قائم سُپر بازار کا دورہ کر کے وہاں کثیر المنزلہ خود کار پارکنگ سہولیت کا افتتاح کیا۔جدید ٹیکنالوجی اور حفاظتی پہلوؤں سے لیس اس سہولیت میں 352 گاڑیوں اور162 موٹر سائیکلوں اور ایس یو ویز کو پارک کرنے کی سہولیت دستیاب ہے۔سات منزلہ سہولیت ای آر اے نے33.11 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی ہے۔ سہولیت کو عوام کے نام وقف کرنے سے پُرانے جموں شہر بالخصوص رگھو ناتھ بازار، پُرانی منڈی، کنک منڈی وغیرہ میں ٹریفک کے دباؤ میں کافی کمی آئے گی۔نائب وزیر اعلیٰ ، وزیر مملکت برائے باغبانی، رکن پارلیمان جگل کشور شرما، قانون ساز راجیش گپتا اور اونیاش رائے کھنہ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری، ڈویثرنل کمشنر جموں ، وزیر اعلیٰ کے سیکرٹری، محکمہ بلدیات اور ضلع انتظامیہ سے وابستہ افسران، تجارتی انجمنوں کے نمائندگان اور لوگوںکی بھاری تعداد اس موقعہ پر موجود تھی۔؎بعد میں وزیر اعلیٰ نے مفتی محمد سعید سٹوڈنٹس ہوسٹل کا بھی افتتاح کیا جو حضرت ظہیر علی شاہ ؒ کی زیارت گاہ کے نزدیک اوقاف اسلامیہ جموں نے مستحق طُلاب کے قیام کے لئے تعمیر کیا ہے۔ہوسٹل میں جموں میں تعلیم کے حصول کے خواہش مند 100 طُلاب کے لئے اقامتی سہولیت دستیاب ہے۔قریباً6 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی اس عمارت میں پارکنگ، کیٹرنگ اور دیگر متعلقہ سہولیات بھی دستیاب رکھی جائیں گی۔وزیر اعلیٰ نے ہوسٹل کے گرد و نواح میں صفائی ستھرائی کو بنائے رکھنے کے علاوہ کُتب اور دیگر مطالعاتی مواد دستیاب رکھنے کی بھی ہدایت دی۔محبوبہ مفتی نے حضرت ظہیر علی شاہ ؒ کی زیارت گاہ پر بھی حاضری دی۔نائب وزیر اعلیٰ،وزیر مملکت برائے باغبانی، قانون ساز راجیش گپتا اور اونیاش رائے کھنہ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری، ڈویثرنل کمشنر جموں ، کمشنر سیکرٹری مال ، وزیر اعلیٰ کے سیکرٹری، ضلع انتظامیہ سے وابستہ افسران اور لوگوںکی بھاری تعداد اس موقعہ پر موجود تھی۔