سرینگر//ناظم زراعت کشمیر سید الطاف اعجاز اندرابی نے جمعرات کو ایک ٹیلی کانفرنس کی صدارت کے دوران لیہہ اور کرگل سمیت وادی کے تمام اضلاع کے متعلقہ چیف ایگریکلچر افسران کے ساتھ موجودہ زرعی سرگرمیوں پر بات چیت کی اور مختلف خریف فصلوں بشمول دالوں،سبزیوں،دھان اور مکئی کی کاشت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔حالیہ بارشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ناظم زراعت نے افسران پر سمارٹ واٹر منیجمنٹ تیکنیک اورکسانوں کو تیکنیکی جانکاری فراہم کرنے پر زوردیا تاکہ آبپاشی کے لئے پانی کا منصفانہ استعمال یقینی بن سکے۔انہوںنے کہا کہ موسم سرما میں خشک سالی کے پیش نظر آبپاشی کے لئے پانی کی ایک ایک بوند انمول ہے۔ناظم زراعت نے متعلقہ چیف ایگریکلچر افسران کو کسانوں کی سہولیات کے لئے ہیلپ لائین نمبرات قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ کسانوں کومحکمہ زراعت کی طرف سے وضح کردہ رہنمائی تک آسانی سے رسائی حاصل ہوسکے۔