سرینگر//نیشنل کانفرنس کے نائب صدراورسابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے حالیہ برفباری سے وادی میںمیوہ باغات کوہوئے بھاری نقصان پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ مالکان باغات کو فوری طور جامعہ معاوضہ فراہم کیا جائے۔ایک بیان میں عمر عبداللہ نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں فوری طور محکمہ مال کی ٹیموں کو روانہ کیاجائے تاکہ نقصانات کا فوری تخمینہ لگا کرمتاثرین کو بروقت معاوضہ اداکیاجائے۔انہوں نے کہا کہ یہ موجودہ انتظامیہ کافرض ہے کہ وہ موسم کی مار کا شکار لوگوں کی مدد کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو مالکان باغات اور کسانوں کوراحت فراہم کرنی چاہیے کیونکہ یہ ریاست کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ہمیشہ موسم کی مار جھیلتے ہیں۔عمر عبداللہ نے حکومت پر زوردیا کہ وہ حالیہ برف باری سے متاثرہ لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے ہنگامی منصوبہ ترتیب دیں۔انتظامیہ کو فوری طور نفری اور مشینری کو کام پر لگا کر سڑکوں پر ٹریفک کی بلا خلل نقل وحرکت کو یقینی بنانا چاہیے۔عمر عبداللہ نے وادی میںبجلی سپلائی کی فوری بحالی پر بھی زوردیا۔عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس حالیہ برف باری کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے اورگورنر انتظامیہ کو موسم سرماکے دوران لوگوں کو درپیش مشکلات سے باخبررہنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ سرما کے مہینوں میں غریب اور مفلوک الحال لوگوں کی خبرگیری کرتے رہنا چاہئے۔