بھدرواہ //ضلع کے کسانوں کو جدید تکنیک اور کھتی باڑی میں متعارف کروائی جارہی اسکیموں سے متعارف کروانے کے لئے ایک نمائندہ وفد کو چار روزہ تربیتی ٹور پر روانہ کیا گیا ہے ۔ کرشی وگیان کیندر کی جانب سے منعقدہ اس پروگرام کو نبارڈ کی جانب سے سی اے ٹی پروگرام کے تحت سپانسر کیا گیا ہے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر بھوپندر کمار نے اس وفد کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، اس موقعہ پر نبارڈ اور کرشی وگیان کیندر ڈوڈہ کے افسران بھی موجود تھے۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے 24کسانوں کو شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی جموں کی جانب سے منعقد کئے جا رہے کسان میلہ میں شرکت کا موقعہ ملے گا جب کہ وہ محکمہ زراعت کے تحت شہر کے کسانوں سے بھی ملاقات کریں گے اور کاشتکاری کیلئے درکار زمین، بیج، کھاد، جراثیم کش ادویات کے استعمال وغیرہ کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی ۔ کسانوں کے وفد کو سائل ٹسٹنگ لیبارٹریوں کا بھی دورہ کروایاجائے گا جہاں وہ مٹی کی تشخیص کے فوائد اور طریقہ کار کے بارے میں جان سکیں گے۔