عظمیٰ نیوزسروس
کرگل//خراب موسم کے درمیان، لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیف ایگزیکٹو کونسلر نے بدھ کو تمام سرکاری اور نجی سکولوں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات 15مارچ تک بڑھا دی ہیں۔اس سے قبل4 دسمبر2024کو چیف ایجوکیشن آفیسرکرگل نے ضلع کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا مرحلہ وار اعلان کیا تھا۔پہلی سے آٹھویں جماعت کے لیے5دسمبر 2024سے5مارچ2025تک اور نویں سے 12ویں جماعت کیلئے15دسمبر2024سے 5مارچ 2025تک تعطیلات کا حکم دیا گیا تھا۔ ایل اے ایچ ڈی سی کرگل کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کونسلرڈاکٹر محمد جعفر آخون نے بدھ کو کونسل سیکرٹریٹ میں جاری موسم سرما کے حالات اور تعلیمی اداروں پر ان کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔عہدیداروں نے کہا’’زبردست برف باری اور شدید سردی کی روشنی میں، سی ای سی نے سرکاری اور نجی اسکولوں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات15مارچ2025تک بڑھانے کا اعلان کیا‘‘۔میٹنگ میں ایگزیکٹیو کونسلر کاچو محمد فیروز، ایگزیکٹیو کونسلر آغا سید مجتبیٰ، ڈپٹی کمشنر کرگل شریکانت سوسے اور چیف ایجوکیشن آفیسر کرگل نے شرکت کی۔حکام نے کہا’’یہ فیصلہ علاقے کے سخت موسمی حالات کے درمیان طلباء اور عملے کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے‘‘۔