ملک کے لئے شہید ہوئے فوجیوں کا شاندارخراج عقیدت پیش کیاگیا
منڈی// ایک پر وقار اور محب وطن ماحول میں بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول منڈی میں کارگل وجے دیوس نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا تاکہ 1999 کی کارگل جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سپاہیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔ یہ پروگرام پرنسپل انور خان کی زیرِ نگرانی اور رہنمائی میں منعقد ہوا، جس میں طلباء ، اسٹاف اور مقامی افراد نے شرکت کی تقریب کا آغاز کارگل کے شہداء کو گلہائے عقیدت پیش کرنے سے ہوا، جس کے بعد دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر اساتذہ جن میں ہارون راتھور (سینئر لیکچرر)، ہرچرن سنگھ (ماسٹر)، اور فرزانہ انجم (لیکچرر) شامل تھے، نے خطاب کرتے ہوئے کارگل جنگ کی تاریخی اہمیت، بھارتی سپاہیوں کی جرآت و قربانی اور نوجوانوں میں حب الوطنی، اتحاد اور ایثار جیسے جذبے پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ طلباء نے ملی نغمے بھی پیش کئے پرنسپل انور خان نے اپنے خطاب میں اس دن کی یاد منانے کو محض ایک رسمی عمل نہ سمجھنے بلکہ اسے طلباء کو آزادی کی قیمت سے روشناس کرانے کا ایک ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ تقریب نہ صرف ہمارے بہادر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع ہے بلکہ طلباء میں حب الوطنی اور جرآت کے جذبات پیدا کرنے کا بھی ذریعہ ہے۔ نئی نسل کو یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ہماری آزادی کن عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے اور قومی سالمیت کا حقیقی مفہوم کیا ہے‘‘۔ تقریب کے دوران طلباء اور عملے کو حب الوطنی کا عہد دلایا گیا تاکہ وہ ملک کی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کے تحفظ کا عزم تازہ کر سکیں۔تقریب کے اختتام پر 270 طلباء اور 23 عملہ اراکین پر مشتمل ایک ریلی نکالی گئی جو اسکول سے شروع ہو کر منڈی بازار سے گزرتی ہوئی بائیلہ روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ طلباء نے ہاتھوں میں ترنگا لہراتے ہوئے حب الوطنی کے نعرے لگائے، جسے دیکھ کر مقامی عوام نے بھی خوب سراہا یہ دن بھر جاری رہنے والی تقریب بھارتی فوج کی بہادری، قربانی اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو قومی خدمت، قربانی اور حوصلے جیسے اعلیٰ اقدار اپنانے کی تحریک دینے کا ذریعہ ثابت ہوئی۔