کرگل//ممبر اسمبلی شمیمہ فردوس کی صدارت میں ممبران قانون سازیہ محمد یوسف بٹ اور مشتاق احمد شاہ پر مشتمل ریاستی اسمبلی کی پبلک اکاو نٹس کمیٹی نے اپنے لداخ خطے کے 5 روزہ دورے کے دوسرے روز کرگل ٹاون میں اقبال منی ہائڈل پروجیکٹ،پوریگ گیسٹ ہاوس اور منشی عزیز بٹ میوزیم کا دورہ کیا۔اقبال پروجیکٹ کے دورے کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی ڈی سی ڈاکٹر شاہ فیصل نے کمیٹی کو جانکاری دی کہ کرگل میں بجلی کے شعبے کو بڑھاوا دینے کیلئے کافی گنجائش مو جود ہے اور یہاں مختلف پن بجلی پروجیکٹوں کا قیام عمل میں لاکر تقریباً4500میگا واٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔در ایں اثناء کمیٹی نے کرگل ۔سرینگر ٹرانسمیشن لائین کو جلد مکمل کرنے اور کرگل میں بجلی کے مزید پروجیکٹ تعمیر کرنے کے لئے اپنی سفارشات متعلقہ حکام تک پہنچا نے کی یقین دہانی کرائی تاکہ ضلع کے ساتھ ساتھ ریاست اور ملک کے دیگر حصوں تک یہاں سے بجلی فراہم کی جا سکے۔ کمیٹی نے منشی عزیز بٹ میوزیم کے دورے کے دوران کہا کہ ضلع میں سیاحت کو بڑھاوادینے کے لئے اس میو زیم کومزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے میوزیم کے کیوریٹر اعجاز حسین منشی کی کوششوں کی سراہنا کر تے ہو ئے میوزیم کے لئے بلڈنگ بنانے کی اپنی سفارشات حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ بعد میں ممبران نے کربہ تھنگ کے مقام پر حال ہی میں قائم کئے گئے پوریگ گیسٹ ہاوس کا بھی دورہ کر کے وہاں کے کام کاج اور سیاحوں کیلئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر انہوں نے گیسٹ ہاوس میں سیاحوں کو بہتر سہولیات بہم رکھنے کے ساتھ ساتھ اس کی بہتر دیکھ ریکھ کی بھی ہدایت دی۔واضح رہے کہ کمیٹی اپنے دورے کے دوران کرگل اور لیہہ اضلاع میں سیاحت ، بجلی اور دیگر شعبوں کے تحت زیر تکمیل اور قائم کردہ کئی اہم پروجیکٹوں اور کاموں کا موقع پر ہی جائزہ لے گی۔