رانچی// ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق عظیم کپتان سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ انہیں نہ تو سیاست میں کوئی دلچسپی ہے اور نہ ہی وہ کرکٹ کے منتظمین بننے کے خواہاں ہیں۔ اپنے نام پر مبنی سیریز گواسکر-بارڈر ٹرافی میں کمنٹری کرنے والے سابق کرکٹ کھلاڑی گواسکر نے یہاں کہا کہ انہیں سیاست میں جانے یا کرکٹ ایڈمنسٹریٹر بننے میں کبھی دلچسپی نہیں رہی ہے ۔ گواسکر نے کہا "نوجوت سنگھ سدھو کے والد پنجاب کے ایڈوکیٹ جنرل تھے اور سماجی کاموں سے منسلک رہے اور آج نوجوت سنگھ سدھو پنجاب میں وزیر بنے ہیں جس کے لیے میں انہیں اپنی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ تاہم مجھے ذاتی طور پر سیاست میں دلچسپی نہیں ہے اور نہ ہی میں کرکٹ کا منتظمین بننے کا خواہاں ہوں۔ "ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے یہاں یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور آسٹریلیا سیریز کے آخری ٹیسٹ میں دھرم شالہ میں فاتح ٹیم کو بارڈر-گواسکر ٹرافی دینے کے لئے آسٹریلیا کے سابق کپتان ایلن بارڈر کو مدعو کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے مزیدکہا "دنیا بھر میں کھیل کے مختلف ٹورنامنٹوں میں پرانے کھلاڑیوں کو مدعو کیا جاتا رہا ہے اور ہندوستان میں بھی اسی طرح کی روایت قائم ہونی چاہئے ۔67 سالہ گواسکر نے اپنی فٹنس کے سلسلے میں کہا کہ اس عمر میں بھی وہ خود کو فٹ رکھنے کے لئے ہر روز ورزش کرتے ہیں اور کھانے پینے پر کافی توجہ دیتے ہیں۔