شوپیاں //قصبہ کے دو مضافاتی دیہات وہیل اور ترکہ وانگام شوپیاں میں پاکستانی کرکٹ میچ جیتنے پرمقامی نوجوانوں کی طرف سے پٹاکے سرکنے اور خوشیاں منانے پر فوجی اہلکار آپے سے باہر ہوگئے اور انہوں نے دونوں دیہات میں گھس کر اندھا دھند طریقے سے دوکانوں، رہائشی مکانوں اور گاڑیوں کی بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی جبکہ قریب 20افراد کی ہڈی پسلی توڑ دی گئی۔ وہیل کے مقامی لوگوں کے مطابق چمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنا منٹ کے ایک اہم میچ میں سوموار کو پاکستان نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا کو ہرایا جس کے بعد مقامی نوجوانوں نے بہتر کھیل پیش کرنے پر پاکستانی ٹیم کی سراہنا کی اور خوشی میں پٹاکے سرکے۔انتا ہی نہیں بلکہ نوجوانوں نے نعرے بازی بھی کی۔لوگوں کا کہنا ہے کہ قریب آدھ کلو میٹر دوری پر قائم چودھری گُنڈ میں 62آر آر کیمپ کے اہلکار مقامی آگ بگولہ ہوگئے اور انہوں نے پیر کی شب قریب ساڑے دس بجے گاؤں میں گھس کر لاکھوں روپے مالیت کی املاک کو شدید نقصان پہنچایا۔عین شاہدین کے مطابق فورسز اہلکار ساڑھے دس بجے وہیل گاؤں میں گھس گئے اور سڑکوں پر کھڑا کی گئیںقریب 19گاڑیوں کے شیشے چکناچور کردیئے اور کئی گاڑیوں کی کھڑکیاں ہی اکھاڑی گئیں۔اتنا ہی نہیں بلکہ فورسز نے تین کریانہ اور ایک بیکری دوکان بھی لوٹ لی۔ اسکے علاوہ چھ مکانوں میں گھس کر تھوڑپھوڑ کی گئی ۔فیصل نامی شخص جو کہ دکان مالک ہے کے مطابق فوج نے قریب ساڑھے دس بجے گائوں میں گھس کر تھوڑ پھوڑشروع کی ۔فورسز نے دُکانوں کے تالوں پر فائرنگ کی اور تالے توڑنے کے بعد دُوکانوں کو لوٹ لیا۔ فوج کی اس کارروائی کے نتیجے میں علاقے میں رات بھر خوف و دہشت کا ماحول رہا ،کئی خواتین ڈر کے مارے اپنا ہوش کھو بیٹھیں جبکہ بچے سہم کر رہ گئے۔ترکہ وانگام نامی گائوں میں بھی اسی طرح کی صورتحال پیش آئی۔یہاں درجنوں افراد زخمی ہوئے۔مقامی لوگوں کے مطابق رات کے قریب پونے گیارہ بجے ترکہ وانگام میں فوجی اہلکار نمودار ہوئے اور انہوں نے گھروں میںگھس کر نوجوانوںکو بچوں اور بوڑھوں سمیت پیٹا اور انکی ہڈی پسلی ایک کردی ۔جس کی وجہ سے بیس افرد زخمی ہوگئے۔جنہیں علاج و معالجہ کے لئے نزدیکی ہسپتالوں میں داخل کیا گیا۔