پورٹ آف اسپین//کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی) نے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ دو وائٹ بال سیریز کے لیے لیجنڈری بلے باز کرس گیل کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا ہے ، لیکن بورڈ نے زوردے کرکہا ہے کہ کرکٹ لیجنڈ گیل کومناسب طریقے سے اعزازدیاجائے گا۔سی ڈبلیوآئی کے سربراہ رکی اسکیرٹ نے جمعہ کوآئرلینڈ کے خلاف تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی نیز انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کے اسکواڈ کا اعلان کرنے کے بعد کرک بز کو بتایا، ‘‘ گیل نوجوانی کے دورسے ہی جمیکا اورویسٹ انڈیز کے لئے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کررہے ہیں۔ وہ شائقین کے شکریہ اور احترام کے مستحق ہیں۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز ان کے اعزاز میں الوداعی میچ منعقد کرنے کا صحیح طریقہ تلاش کرے گا جس سے کرس لطف اندوز ہو سکیں۔ایسی اطلاعات آئی ہیں کہ سی ڈبلیو آئی 42 سالہ تجربہ کار اوپنر کے لیے آئرلینڈ کے خلاف الوداعی میچ پر غور کر رہا ہے ، جنہوں نے 103 ٹیسٹ کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے لیے 380 وائٹ بال میچز (301 ون ڈے اور 79 ٹی -20) میچ کھیلے ہیں، لیکن اسکیرٹ نے کہا کہ آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹی-20 کے لیے انہیں خاص طور پر منتخب کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔