سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبد اللہ بدھ کو ایک بار پھر کرکٹ ایسو سی ایشن سکینڈل کیس کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)کے سامنے پیش ہوئے۔
یہ ایک ہفتے میں دوسرا موقع ہے جب اُنہیں ای ڈی نے پوچھ تاچھ کیلئے اپنے سرینگر کے دفتر میں طلب کیا۔اس سے قبل19اکتوبر کو ای ڈی حکام نے فاروق کی چھ گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی تھی۔کروڑوں کے اس گھپلہ کیس کے سلسلے میںفاروق کی پوچھ تاچھ پہلی بار گذشتہ برس ماہ جولائی میں ہوئی تھی۔
ای ڈی مذکورہ کیس کی تحقیقات سی بی آئی، ایف آئی آر کے تحت کررہی ہے جس میں جموں کشمیر کرکٹ ایسو سی ایشن کے سابق سربراہ فاروق کے علاوہ ایسو سی ایشن کے سابق جنرل سیکریٹری محمد سلیم خان اور سابق خزانچی احسن احمد مرزا سمیت کئی افراد کو ملزم قرار دیا گیا ہے۔