کپوارہ //سرحدی ضلع کپوارہ میں فورسز کی جانب سے بے ہنگم گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ واقعہ میں فوج اور فورسز نے کرچھ ہندوارہ کا کریک ڈاون کر کے24سے زائد افراد کو گرفتار کیا۔ عینی شاہدین کا کہنا کہ فوج ، سی آر پی ایف اور ایس او جی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ہفتے کی صبح پانچ بجے کرچھ ہندوارہ کا کریک ڈاون کیا اور گھر گھر تلاشی کارروائی کی ۔ لوگوں نے کہا کہ فوج اور فورسز نے لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کئے اور اس کے بعد دو درجن سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ ماسٹر غلام قادر گنائی ، غلام محمد گنائی ، اشفاق احمد گنائی ، غلام رسول گنائی ، ذاکر حسین گنائی ، رضوان احمد شیخ ، طارق احمد بٹ ، نظیر احمد گنائی اور پندرہ سالہ فاروق احمد کو حراست میں لیا گیا جس کے بعد فورسز اور فوج نے دو درجن سے زائد مزید افراد کو گرفتار کیا ۔ مقامی لوگوں نے یہ بھی الزام لگا یا کہ فوج اور فورسز نے غلام قادر گنائی کے گھر کی توڑ پھوڑ کی اور اس کے باغ میں درجنوں میوہ پیٹیاں تباہ کر دیں ۔ گرفتاریوں کے چکر میں پُر علاقہ چار گھنٹے تک محاصرے میں رہا ۔فوج اور فورسز نے جونہی محاصرہ اُٹھایا تو درجنوں لوگ سڑکوں پر آگئے اور گرفتاریوں اور توڑپھوڑ کے خلاف مظاہرے کئے اور فورسز پر پتھراؤ کیا ۔ فورسز نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا جس سے عشرت بانو نامی لڑکی زخمی ہوئی۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے امن وامان میں رخنہ ڈالنے اور فورسز پر پتھرا ئوکے الزام میں آٹھ افراد کو حراست میں لیا اور ان سے پوچھ تاچھ جاری ہے ۔