اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ر دفترمیں تعینات پٹواری گرفتار ،مزید تحقیقات کا آغاز
رام بن //ضلع رام بن میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ر کے دفتر میں تعینات ایک پٹواری کو زمین کے معاوضے کے ایک مقدمے میں رشوت خوری اور بدعنوانی کے الزامات پر سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (CBI) نے گرفتار کر لیا۔ ملزم پٹواری اُتم سنگھ ولد ہری سرن، جو اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ر رام بن کے دفتر رام بن میں تعینات ہے،نے مبینہ طور پراراضی معاوضہ واگزار کرنے پرایک زمین مالک سے رشوت طلب کی اور ملزم پٹواری اُتم سنگھ ساکنہ گاؤں کومیت تحصیل راج گڑھ، ضلع رام بن، کو سی بی آئی کی ٹیم نے تمام قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد ڈی سی آفس رام بن سے گرفتار کیا۔یہ معاملہ ضلع رام بن کے علاقے پلی میں واقع زرعی اراضی کے سرکاری حصول سے متعلق ہے۔ معاوضے کی فائل کی جانچ پڑتال اور تصدیق کے مرحلے کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر مدعی کو بتایا کہ معاوضے کی ادائیگی کے لیے کچھ رسمی کارروائیاں ضروری ہیں۔الزام ہے کہ پٹواری نے مدعی کو ہدایت دی کہ وہ 2لاکھ روپے جموں و کشمیر بینک کے ایک اکاؤنٹ میں منتقل کرے۔ اس کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے مدعی نے اپنے جموں و کشمیرکے بینک اکاؤنٹ سے ایم پے کے ذریعے 2 لاکھ روپے پٹواری کے اکائونٹ میں منتقل کر دئیے۔الزامات کے مطابق ملزم نے اس سے قبل مدعی سے دستخط شدہ خالی چیک بھی حاصل کیے تھے اور مبینہ طور پر ان میں سے ایک چیک کیش کرا کے تین لاکھ روپے نکال لیے تھے۔ حالیہ2 لاکھ روپے کی منتقلی سمیت غیر قانونی طریقے سے وصول کی گئی مجموعی رقم پانچ لاکھ روپے بنتی ہے۔ذرائع کے مطابق پلی میں حاصل کی گئی اراضی کا مجموعی معاوضہ تقریباً 140 کروڑ روپے ہے۔ سی بی آئی نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔