سرینگر/ /وادی میں کام کرنے والے نجی طبی اداروں اور ڈائنگاسٹک سینٹروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے محکمہ صحت کی ایک ٹیم نے کرن نگر اور صدر اسپتال کے گردونواح میں کام کرنے والے تین طبی اداروں کو سیل کردیا ہے۔ سی ایم او سرینگر اور ایگزیکیٹو مجسٹریٹ سرینگر کے ایک مشترکہ ٹیم نے ڈائریکٹر ہیلتھ کی ہدایت میں غیر تسلیم شدہ نجی کلینک اورطبی جانچ مراکز کو سیل کردیا۔ تفصیلات دیتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر سلیم الرحمن نے کہا کہ ہم نے سی ایم او کو ہدایت دی تھی کہ وہ غیر تسلیم شدہ نجی طبی اداروں اور تحقیقی مراکز کا دورہ کریں اور غیرتسلیم شدہ طبی اداروں اور تحقیقی مراکز کو سیل کردیں۔ انہوں نے صدر اسپتال کے گرد نواح میں کام کرنے والیتین ایسے ہی طبی مراکز کو سیل کردیا ۔ ڈائریکٹر ہیلتھ نے بتایا کہ تینوں نجی تحقیقی ادارے بغیر رجسٹریشن کام کررہے تھے اور اسلئے انہیں سیل کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی اور مریضوں کی زندگ سے کھیلنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ نجی طبی اداروں اور تحقیقی مراکز کیلئے محکمہ صحت کی رجسٹریشن لازمی ہے اور غیر تسلیم شدہ اداروں میں ہونے والا ہر کام غیر قانونی ہے۔