سرینگر / کرناہ ۔کپوارہ شاہراہ پر گذشتہ رات پیدل سفر کرنے والے تین افراد شدید ٹھنڈ کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئے۔
اطلاعات کے مطابق پانچ افراد نے کل کپوارہ سے کرناہ کی جانب پیدل سفر شروع کیا جن میں سے اگرچہ 2افراد بحفاظت سادھنا پر پہنچ گئے تاہم 3 افراد سادھنا کے نزدیک موریاں کے مقام پر شدید ٹھنڈ برداشت نہ کر سکے اور موقع پر ہی لقمہ اجل بن گے ۔
فوجی ذرائع کے مطابق کل رات قریب 11بجے ،2 افراد پیدل چل کر سادھنا ٹاپ پر پہنچے جنہوں نے وہاں موجود فوجی اہلکاروں کو مطلع کیا کہ مزیدتین افراد بھی اُن کے ساتھ تھے جو ٹھنڈ کی وجہ سے موریاں سے آگے نہیں آسکے ہیں ۔
فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج اور پولیس اہلکاروں پر مشتمل ایک پارٹی جب موریاں پہنچتی ،توتینوں افراد ٹھنڈ برداشت نہ کرتے ہوئے لقمہ اجل بن چکے تھے ۔
مرنے والوں کی شناخت خالد شیخ ولد قادر شیخ ، طاہر خواجہ ولد یونس خواجہ ساکنان حاجی ناڑ اور فرید احمد ولد لال الدین ساکنہ شمس پورہ کرناہ کے بطور ہوئی ہے ۔
یادرہے کہ اس سے قبل بھی ماہ جنوری میں ٹیٹوال کی ایک خاتون، جو کپوارہ سے کرناہ پیدل سفر کر رہی تھی، حرکت قلب بند ہونے کے سبب لقمہ اجل بن گئی تھی اور اس طرح ایسا کوئی سال نہیں گذرتا ہے جب سادھنا پر بھاری برف بھاری حادثات کا مؤجب نہیں بنتی ہے ۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ کرناہ۔کپوارہ شاہراہ برف کی بھاری موجودگی کی وجہ سے مسلسل بند پڑی ہے جس کی وجہ سے مجبوری کے عالم میں کبھی کبھی بعض لوگ اس شاہراہ پر پیدل سفر کرتے ہیں ۔