سرینگر //منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو شمالی کشمیر میں ضلع کپوارہ کے کرناہ کے ٹنگڈار، ناڑ علاقے میں اُس وقت صف ماتم بچھ گئی جب وہاں بجلی شارٹ سرکٹ ہونے کے سبب تین افرادموقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئے جبکہ 2افراد زخمی ہوگئے ۔
عینی شاہدین کے مطابق رات کے قریب تین بجے ناڑ علاقے میں اچانک بجلی کی ترسیلی لائنیں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے یہ حادثہ پیش آگیا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہائی ٹینشن لائن لو ٹینشن سپلائی لائن پر گرنے کی وجہ سے رہائشی مکانوں کے اندر بجلی شارٹ سرکٹ ہوا جس نے تین شہریوں کی جان لے لی اور دو کو زخمی کیا۔
اس حادثے میں مرنے والے افراد کی شناخت 55سالہ عبدالقدیر ولد یعقوب چک ،26سالہ طابیر احمد چک ولد عبدالقدیر چک ،22سالہ قاری نواز احمد چک ولد علی اصغرچک ساکنان ٹنگڈار کے بطور ہوئی ہے جبکہ 2زخمی افراد کوعلاج ومعالجہ کیلئے سب ضلع ہسپتال ٹنگڈار منتقل کیا گیا ہے ۔
ایس ایچ او کرناہ نسیم احمد نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس حادثے تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ رات کے دوران علاقے میں تیز ہوائیں چل رہی تھیں اور بارشیں بھی ہورہی تھیں، شاید اُسی وجہ سے بجلی کی ترسیلی لائنیں آپس میں ٹکرا گئیں اور ہلاکتوں کا باعث بن گئیں ۔
اس واقعہ پر سابق ممبران اسمبلی کرناہ کفیل الرحمان ،ایڈوکیٹ راجہ منظور کے علاوہ ایم ایل سی جاوید احمد مرچال ، اے آر بڈھانہ، کانگریس لیڈر اصغر علی خان، پروفیسر جہانگیر دانش،ایڈوکیٹ نسیم اکبر، سیول سوسائٹی کرناہ،بیوپار منڈل ، ٹنل کوارڈی نیشن کمیٹی کے علاوہ دیگر سیاسی سماجی اور ادبی تنظیموں نے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔