اشرف چراغ +غلام نبی رینہ
کپوارہ +کنگن//کرناہ اور کنگن میں دو الگ الگ سڑک حادثات کے دوران 1کم عمر بچی کی موت ہوئی جبکہ 7افراد زخمی ہوئے ، جن میں دو فورسز اہلکار بھی شامل ہیں۔ ۔کپواڑہ سے کرناہ جا رہی ایک ٹیاگو گاڑی زیر نمبر/9187 JK09B کوکھتوڑا نہچیاں کے مقام پر حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں گاڑی میںموجود6مسافروں میں سے ایک11سالہ لڑکی کی موقعہ پر ہی موت واقع ہو گئی ،جبکہ دیگر4 افراد زخمی ہوئے۔ جن میں سے ایک کو شدید زخمی حالت میں علاج ومعالجہ کیلئے سرینگر منتقل کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ گاڑی حاجی ناڑ کرناہ سے تعلق رکھنے والے ایک ایگریکلچر اسٹنٹ کی ہے جو کام کے سلسلے میں وادی آیا تھا اور کام نپٹنانے کے بعد اپنے اہلخانہ کو گھر لے جا رہا تھا۔زخمیوں کی شناخت بلال احمد وانی والدغلام رسول وانی، گلناز بیگم زوجہ بلال احمد ، سفینہ بیگم زوجہ جاوید احمد ،مسحان جاویددختر جاوید احمد لون ،حادیہ بانودختر بلال احمد ساکنان باغ بالا حاجی ناڑکے بطور ہوئی ہے۔ادھر سونہ مرگ میں سی آر پی ایف کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔ سی آر پی ایف 79بٹالین کی ایک بنکر گاڑی سڑک پر پلٹ گئی جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے دو اہلکارزخمی ہوگئے جن کو علاج و معالجہ کیلئے پرائمری ہیلتھ سنٹر سونہ مرگ منتقل کیا گیا جہاں سے ایک اہلکار کو بہتر علاج کیلئے صورہ ہسپتال منتقل کیا گیا ۔