کپوارہ// سرحدی ضلع کپوارہ کے کیرن سیکٹر میں منگل کی رات آر پار گولہ باری کے بعد کرناہ سیکٹر میں بدھ کو ہندوپاک افواج نے ایک دوسری کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ علی الصبح کرناہ سیکٹر کے جاگل پوسٹ پر تعینات 20جاٹ کی چوکی پر پاکستانی فوج نے فائرنگ کی جس کے بعد علاقہ میں حالات کشیدہ ہوگئے اور بھارتی فوج نے بھی جوابی کارروائی کے دوران پاکستانی چوکیو ں پر گولہ باری کی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج نے فوری طور پورے علاقہ کو گھیرے میں لیا اور اہم مقامات پر ناکے لگائے ۔ فوج کو خدشہ ہے کہ آر پار گولہ باری کے دوران جنگجو دراندازی کر کے اس پار داخل ہو تے ہیں ۔ذرائع نے بتا یا کہ آر پار گولہ باری کا سلسلہ کئی گھنٹو ں تک جاری رہا تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔بدھ کی رات پاکستانی گولہ باری میں شدت آگئی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔ پاکستان کی طرف سے جبڑی، بجلڈارہ، حاجی تراہ اور سعد پورہ کو نشانہ بنایا گیا۔